آئی پیڈ صارفین کے لیے خوشخبری، واٹس ایپ میں چار نئے فیچرز متعارف

واشنگٹن (قدرت روزنامہ)انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے چار نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جن میں سب سے نمایاں اپ ڈیٹ آئی پیڈ استعمال کرنے والوں کے لیے ہے۔
نئی اپ ڈیٹ کے تحت اب صارفین آئی پیڈ پر براہِ راست واٹس ایپ اکاؤنٹ بنا سکیں گے اور اس کے لیے پہلے کسی موبائل فون سے لنک کرنا ضروری نہیں ہوگا۔
صارفین آئی پیڈ پر ہی رجسٹریشن مکمل کرکے فوری طور پر واٹس ایپ استعمال کر سکیں گے جس سے ایپ کا استعمال مزید آسان ہو جائے گا۔
واٹس ایپ نے ایپل کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو کے لیے بھی نئی سہولیات شامل کی ہیں۔
اب صارفین گاڑی چلاتے ہوئے ہینڈز فری انداز میں پیغامات سن اور ان کا جواب دے سکیں گے، کالز کر سکیں گے، کال ہسٹری دیکھ سکیں گے اور پسندیدہ رابطوں تک گاڑی کی اسکرین سے آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ پی ڈی ایف فائلز کے استعمال کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔ اب صارفین پی ڈی ایف فائلیں ڈاؤن لوڈ کیے بغیر ہی واٹس ایپ میں کھول سکیں گے جبکہ انہیں ہائی لائٹ کرنے اور نوٹس شامل کرنے جیسی بنیادی ایڈیٹنگ سہولت بھی دستیاب ہوگی۔
ایک اور نئے فیچر کے تحت ایپل فیچر اور سپاٹیفائی استعمال کرنے والے صارفین اب اپنے زیرِ سماعت گانے کو براہ راست واٹس ایپ اسٹیٹس پر شیئر کر سکیں گے۔
واٹس ایپ کے مطابق یہ تمام نئے فیچرز مرحلہ وار دنیا بھر کے صارفین کے لیے جاری کیے جا رہے ہیں۔
