ہنگو میں دہشتگردوں کا بھاری ہتھیاروں سے حملہ، ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید، 28 زخمی

جوابی کارروائی میں 15 حملہ آور مارے گئے، خزینہ چیک پوسٹ پر حملے کے بعد فوری جوابی آپریشن کیا گیا، جس میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا؛ آئی جی خیبرپختونخواہ کی گفتگو


ہنگو(قدرت روزنامہ)صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع ہنگو میں دہشتگردی کا ایک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں خزینہ بانڈہ پولیس چوکی پر فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا، حملے اور بعد ازاں ہونے والے شدید مقابلے میں ڈی ایس پی دیار خان سمیت 10 پولیس اہلکار شہید، ڈی ایس پی مجاہد حسین سمیت 28 اہلکار زخمی ہوگئے، پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی میں 15 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں نے آج خزینہ بانڈہ پولیس چوکی کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا، چوکی پر تعینات اہلکاروں نے فوری مزاحمت کی، جس کے بعد وہاں موجود جوانوں کی مدد کے لیے ایس ڈی پی او سٹی کی سربراہی میں اضافی نفری روانہ کی گئی، تاہم دہشت گرد پہلے سے راستے میں گھات لگائے بیٹھے تھے اور انہوں نے کمک کے لیے آنے والی نفری پر بھی حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں آگے چلنے والی بکتر بند گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
بتایا گیا ہے کہ انتہائی دشوار حالات اور شدید فائرنگ کے باوجود افسران اور جوانوں نے غیر معمولی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کیا، شدید جھڑپ کے دوران ڈی ایس پی دیار خان سمیت 10 اہلکار جامِ شہادت نوش کرگئے، 28 اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا، سکیورٹی فورسز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں 15 دہشت گرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ ذوالفقار حمید نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ خزینہ چیک پوسٹ پر حملے کے بعد فوری جوابی آپریشن کیا گیا، جس میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا، ڈی ایس پی دیار خان نے انتہائی جواں مردی سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، ڈی ایس پی مجاہد حسین سمیت دیگر زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
آئی جی پولیس نے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخواہ پولیس کے جوانوں نے انتہائی کٹھن حالات میں چٹان کی مانند دشمن کا مقابلہ کیا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے بہادری کی نئی مثال قائم کی، تمام شہداء کے لیے محکمہ پولیس کی جانب سے اعلیٰ ترین اعزازات کی سفارش کی جائے گی، شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے تعزیت اور زخمی اہلکاروں کی عیادت کریں گے۔

WhatsApp
Get Alert