معروف وافل چین ’وافلکس‘ کے 25 سالہ مالک میر رضا علی اغواء کے بعد قتل، لاش جھاڑیوں سے برآمد

لاش ایک سے دو روز پرانی معلوم ہوتی ہے، مختلف حصوں پر جلنے کے نشانات بھی موجود تھے، مقتول کی پشت پر بھی ایک نمایاں نشان موجود تھا؛ پولیس حکام


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس سے مبینہ طور پر اغواء ہونے والے معروف وافل برانڈ “وافلکس (Wafflix)” کے 25 سالہ مالک میر رضا علی کی لاش گلستانِ جوہر سے برآمد ہونے کے بعد شہر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے نوجوان کو اغواء کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور بعد ازاں گولی مار کر قتل کر دیا گیا، پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی۔
پولیس کے مطابق میر رضا علی پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 کے رہائشی اور بہادرآباد چورنگی کے قریب قائم معروف وافل چین “وافلکس” کے مالک تھے، جن کی لاش گلستانِ جوہر بلاک ون میں شادی قلعہ میرج ہال کے قریب جھاڑیوں سے برآمد ہوئی، لاش کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
تفتیشی حکام نے بتایا کہ لاش ایک سے دو روز پرانی معلوم ہوتی ہے اور اس کے مختلف حصوں پر جلنے کے نشانات بھی موجود تھے، جس کے باعث شناخت میں دشواری پیش آئی، بعد ازاں مقتول کے والد میر حسن علی نے کپڑوں کی مدد سے اپنے بیٹے کی شناخت کی، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی پشت پر بھی ایک نمایاں نشان موجود تھا، موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد سامنے آئے گی۔
ایس ایچ او فیروز آباد کامران قریشی نے بتایا کہ مقتول کے والد کی مدعیت میں منگل کے روز فیروز آباد تھانے میں اغواء کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، ابتدائی تحقیقات سے شبہ ہے کہ مقتول کو پہلے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پھر گولی مار کر قتل کیا گیا، پولیس نے جائے وقوعہ اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کا عمل شروع کردیا ہے تاکہ ملزمان کی شناخت اور نقل و حرکت کا سراغ لگایا جا سکے۔
بتایا گیا ہے کہ 27 اور 28 جولائی کی درمیانی شب میر رضا علی اپنی دکان سے واپس گھر آئے اور صبح تقریباً چار بجے والدہ کو بتایا کہ وہ دس منٹ کے لیے گھر سے باہر جا رہے ہیں، تاہم اس کے بعد واپس نہیں آئے، اہل خانہ نے جب ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو ان کا موبائل فون بند ملا، جس کے بعد تلاش کے باوجود کوئی سراغ نہ ملنے پر مددگار 15 سے رابطہ کیا گیا اور بعد ازاں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا۔

WhatsApp
Get Alert