وفاقی حکومت کا پنشنرز کے لیے بڑا اعلان، پنشن میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پنشن میں 7 فیصد اضافہ کرتے ہوئے وفاقی حکومت نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ وزارتِ خزانہ کے مطابق یہ اضافہ یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوگا اور اس سے لاکھوں سول و عسکری پنشنرز مستفید ہوں گے۔
جاری کردہ آفس میمورنڈم کے مطابق یہ اضافہ تمام سول پنشنرز، دفاعی تخمینوں سے پنشن حاصل کرنے والے سویلین افراد، ریٹائرڈ مسلح افواج کے اہلکاروں اور سول آرمڈ فورسز کے پنشنرز پر لاگو ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پنشن میں 7 فیصد اضافہ ان تمام پنشنرز کو دیا جائے گا جن کی بنیادی (بیس لائن) پنشن کا تعین وزارتِ خزانہ کی یکم جنوری 2025، 7 جولائی 2025 اور 5 اگست 2025 کی متعلقہ ہدایات کے مطابق کیا گیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق یہ اضافہ ان سرکاری ملازمین کو بھی حاصل ہوگا جو یکم جولائی 2026 یا اس کے بعد ریٹائر ہوئے ہیں۔
دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ یکم جولائی 2022 کو دیا گیا 15 فیصد پنشن اضافہ اور 7 جولائی 2025 کو منظور کیا گیا 7 فیصد اضافہ بھی یکم جولائی 2026 یا اس کے بعد ریٹائر ہونے والے ملازمین کے لیے حسبِ سابق قابلِ اطلاق رہے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ نیا اضافہ فیملی پنشن، پنشن کم گریجویٹی اسکیم 1954، لبرلائزڈ پنشن رولز 1977، سنٹرل سول سروسز (ایکسٹرا آرڈینری پنشن) رولز کے تحت منظور شدہ پنشن اور کمپیشنٹ الاؤنس پر بھی لاگو ہوگا۔
وزارتِ خزانہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر کسی پنشن کی ادائیگی وفاقی حکومت اور کسی دوسرے ادارے یا حکومت کے درمیان مشترکہ بنیاد پر کی جا رہی ہو تو اضافی رقم بھی مقررہ تناسب کے مطابق تقسیم کی جائے گی۔
تاہم نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ 7 فیصد اضافہ پری ریٹائرمنٹ آرڈرلی الاؤنس کے بدلے دی جانے والی اسپیشل ایڈیشنل پنشن اور ڈرائیور یا آرڈرلی کی مونیٹائزڈ ویلیو پر لاگو نہیں ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert