خضدار میں فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے ایک بڑے دہشتگرد منصوبے کو ناکام بنا کر بے شمار قیمتی انسانی جانیں محفوظ بنائیں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع خضدار میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے ایک بڑے دہشتگرد منصوبے کو ناکام بنا کر بے شمار قیمتی انسانی جانیں محفوظ بنائیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں بارودی مواد سے بھری دو گاڑیوں کو، جو خودکش حملوں کے لیے تیار کی گئی تھیں، بروقت نشانہ بنا کر تباہ کیا اور انہیں چلانے والے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے چار دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ کامیابی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیت، مستعدی اور قومی سلامتی کے لیے غیرمتزلزل عزم کا واضح ثبوت ہے ۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بھارت کے حمایت یافتہ دہشتگرد عناصر بلوچستان کے امن، ترقی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوششوں میں مصروف ہیں، تاہم ریاست، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ “عزمِ استحکام” کے وژن کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی اور بلوچستان میں امن و امان کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک دشمن عناصر کے لیے پاکستان، بالخصوص بلوچستان، میں کوئی جگہ نہیں۔

WhatsApp
Get Alert