سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کی اپیل سماعت کے لیے منظور کرلی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سپریم کورٹ نے بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق دائر چیمبر اپیل رجسٹرار آفس کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے سماعت کے لیے منظور کرلی۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ابتدائی سماعت کے دوران رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد کیے گئے اعتراضات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اپیل کو باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم جاری کیا۔
چیمبر اپیل کی سماعت چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنے چیمبر میں کی، جہاں بانی پی ٹی آئی کے وکیل عزیر کرامت بھنڈاری عدالت میں پیش ہوئے اور اپنے دلائل دیے۔ دلائل سننے کے بعد چیف جسٹس نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے اپیل منظور کرلی۔
دورانِ سماعت چیف جسٹس نے درخواست گزار کے وکیل کو ہدایت کی کہ دستخط شدہ وکالت نامہ (Vakalatnama) عدالت میں جمع کرایا جائے۔
سپریم کورٹ نے رجسٹرار آفس کو ہدایت کی کہ بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کی درخواست سے متعلق اپیل کو باقاعدہ کیس نمبر الاٹ کیا جائے تاکہ آئندہ کارروائی قانون کے مطابق آگے بڑھائی جا سکے۔
عدالتِ عظمیٰ نے مزید حکم دیا کہ اس درخواست کو جسٹس عظمیٰ خان کے روبرو زیرِ سماعت متعلقہ مقدمے کے ساتھ منسلک کیا جائے، جبکہ دونوں درخواستوں کی جلد سماعت کی استدعا بھی منظور کرلی گئی۔

WhatsApp
Get Alert