کراچی میں زلزلہ، مختلف علاقوں میں جھٹکے محسوس

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں زلزلہ کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں شہری خوفزدہ ہو کر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق کراچی میں زلزلہ کی شدت 2.9 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ ماہرین کے مطابق کم شدت کے باعث زلزلے کے جھٹکے محدود علاقوں تک محسوس کیے گئے۔
اطلاعات کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن، بھینس کالونی، گڈاپ ٹاؤن اور لانڈھی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اچانک زمین لرزنے پر شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے احتیاطاً کھلے مقامات پر نکل آئے۔
ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر صورتحال کا جائزہ لیا، تاہم کسی عمارت کو نقصان پہنچنے یا کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ زلزلے کے دوران گھبراہٹ سے گریز کریں، محفوظ مقامات پر رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
