بلوچستان کے مسائل میں بیرونی طاقتوں کا کردار سب سے نمایاں ہے، ظہور بلیدی
جدید اسلحہ اور بیرونی معاونت کے بغیر پیچیدہ کارروائیاں ممکن نہیں

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان کو درپیش موجودہ سیکیورٹی، سیاسی اور سماجی مسائل کی بنیادی وجوہات میں بیرونی طاقتوں کا کردار سب سے زیادہ نمایاں ہے، جبکہ تمام مسائل کی ذمہ داری صرف مقامی عوامل یا سرداری نظام پر عائد کرنا زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا۔
جاری کردہ بیان میں میر ظہور بلیدی نے کہا کہ اگرچہ سرداری نظام جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں رہا اور ماضی میں عوامی ترقی، تعلیم اور بااختیار بنانے کے عمل میں رکاوٹ بنا، تاہم بلوچستان کی موجودہ صورتحال کو صرف اسی ایک عنصر سے جوڑنا درست تجزیہ نہیں۔ ان کے مطابق صوبے میں ہونے والی پیچیدہ کارروائیوں کے پیچھے جدید اسلحہ، جدید ٹیکنالوجی، خفیہ معلومات اور بیرونی معاونت جیسے عوامل کارفرما ہیں، اس لیے تمام ذمہ داری مقامی افراد پر عائد نہیں کی جا سکتی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کی جغرافیائی اہمیت، معدنی وسائل اور سرحدی محلِ وقوع کے باعث مختلف بیرونی عناصر اپنے مفادات کے لیے صوبے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل الزام تراشی میں نہیں بلکہ زمینی حقائق کو تسلیم کرنے، قومی یکجہتی، سیاسی استحکام، عوامی شمولیت اور بیرونی مداخلت کا مثر مقابلہ کرنے میں ہے۔
میر ظہور بلیدی نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان اور ریاستی ادارے صوبے میں امن، ترقی اور استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں، جبکہ دہشت گردی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ روزگار، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو مثبت مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
