وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کا بلوچستان میں ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم پر اظہار تشویش


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر تجارت اور مسلم لیگ ن کے رہنماء جام کمال خان نے بلوچستان میں ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ بلوچستان میں ترقیاتی فنڈز کی تقسیم میں مساوی اور منصفانہ رویہ اختیار کیا جانا چاہیے۔ انہوں نےکہا یہ بات افسوسناک ہے کہ بعض مخصوص اور چنیدہ اضلاع پر اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی بارش کر دی گئی ہے جبکہ کئی دیگر اضلاع کو پبلک سیکٹر ڈیویلپمنٹ پروگرام (PSDP) میں مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بعض علاقوں میں منتخب عوامی نمائندوں کو نظر انداز کرتے ہوئے غیر عوامی افراد کی اسکیمیں شامل کی گئی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ متوازن ترقی کے لیے ضروری ہے کہ وسائل کی تقسیم سیاسی پسند و ناپسند کی بنیاد پر نہیں بلکہ ضرورت، آبادی، متعلقہ ضلع کے معاشی تعاون اور پسماندگی جیسے معروضی عوامل کی بنیاد پر کی جائے تاکہ صوبے کے ہر ضلع کو ایک باقاعدہ اور مربوط منصوبہ بندی کے ذریعے ترقی کے مساوی مواقع میسر آ سکیں۔
جام کمال خان نے خبردار کیا کہ اس نوعیت کے معاملات صوبے کی موجودہ نازک صورتحال کو مزید بگاڑنے میں “آگ” کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں پیپلزپارٹی کی سربراہی میں قائم مخلوط حکومت میں مسلم لیگ (ن) اتحادی جماعت ہے۔
جام کمال خان نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ وہ پورے صوبے اور مخلوط حکومت کے تمام اتحادیوں کے نمائندے کی حیثیت سے ہر علاقے کو متوازن انداز میں دیکھیں اور تمام اضلاع کے ساتھ یکساں سلوک روا رکھیں۔

WhatsApp
Get Alert