پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا امن و امان کی خراب صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار، جرگے سے امیدیں وابستہ

پشین میں انفرااسٹرکچر کی تباہی، شناختی کارڈز بلاک کرنے اور پانی و بجلی کی قلت پر مسلط حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی مذمت


پشین (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخو املی عوامی پارٹی ضلع پشین کے زیراہتمام تحصیل بوستان اورتحصیل کاریزات خانوزئی کانفرنسز ضلع سیکرٹری عمرخان ترین کے زیر صدارت منعقد ہوئے ۔ تحصیل بوستان کانفرنس میں تحصیل صدرصداقت اللہ، جنرل سیکرٹری سیف اللہ اور دیگر 9 معاونین کابینہ کا حصہ بنے ۔ نومنتخب کابینہ سے ضلع سینئر معاون سیکرٹری حاجی اکبر نے حلف لیا۔کانفرنس سے پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال ، ضلع سیکرٹری عمرخان ترین ، ضلع سینئر معاونین اکرم بوستانی ، واجد وطنپال ضلع ایگزیکٹیوز علی محمد کلیوال ، ڈاکٹر حبیب صاحب، نیاز محمد نیاز، عبیداللہ پانیزئی، عنایت اللہ کاکڑ اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ تحصیل کاریزات خانوزئی کانفرنس میں تحصیل صدر محیب الرحمن گل، جنرل سیکرٹری حاجی نقیب اللہ اور 15معاونین کابینہ کا حصہ بنے۔ جن سے حاجی اکبر صاحب نے حلف لیا۔ کانفرنس سے عمرخان ترین ، واجد وطنپال ، علی محمد کلیوال ، عبیداللہ پانیزئی، محمد دین رودوال، ڈاکٹر محیب اللہ ، منیر شاکر، محمددین باچا، نظرمحمد پانیزئی اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ کانفرنسز سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان اس وقت عوام کا اہم مسئلہ بن چکا ہے ، فارم 47 کی حکومت ایک جانب عوام کی سرومال کی تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے جبکہ دوسری جانب امن کی قیام اور حکومتی رٹ کے بیانات طفل تسلیوں کے سوا کچھ نہیں ۔ ہمارے عوام کی امیدیں پشتونخو امیپ کے چیئرمیں محمود خان اچکزئی کا اعلان کردہ جرگہ سے وابستہ ہیں ، جرگے میں ہر مکتب فکر کے نمائندگان کو دعوت دی جائیگی اور 3 روزہ جرگے میں ہر نمائندے سے پشتون قوم اور پشتون وطن کو درپیش اذیت ناک صورتحال سے نجات سے متعلق تجاویز طلب کی جائیں گی اور زیر غور تجاویز اور متفقہ رائے کے تحت آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔ مقررین نے کہا کہ ضلع پشین و گرد نواح میں امن و امان کی صورتحال انتہائی ابتر ہوچکی ہے، شاہراہیں غیر محفوظ،لوٹ مار، قتل و غارت ، چوری ڈکیتی ، اغواء کاری ، بھتہ خوری کی صورتحال میں عوام کو غیر محفوظ بنادیا گیا ہے، سیکورٹی فورسز کے ناکوں کی موجودگی کے باوجود ہر علاقے میں مسلح عناصر سرعام دندناتے ہوئے گھوم رہے ہیں اور عوام پر خوف و ہراس تاری کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع پشین میں انفراسٹکچر کی تباہی کی ذمہ دار فارم47 کے نمائندگان ہے جن کی کرپشن و کمیشن پرسنٹیج میں بنی بنائی سڑکوں کو کھنڈرات میں تبدیل کرکے خستہ حال سڑکوںنے عوام کو مشکلات سے دوچار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پشین شہری علاقوں کو چھوڑ کر اطراف کے تمام علاقوں میں بجلی کے کھمبوںاور تاروں کو اتارا جارہا ہے اور علاقوں میں تاریکی مسلط کرکے عوام کو بجلی سے محروم کیا جارہا ہے جبکہ کیسکو اور انتظامیہ اس حوالے سے مکمل خاموش اور مجرمانہ غفلت کے مرتکب ہورہے ہیں۔اسی طرح زیر زمین پانی کی سطح خطرناک حد تک گر چکی ہے ۔ ضلع پشین کے عوام نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ اس صورتحال میں نہ صرف عوام کو پانی کی قلت کا سامنا ہے بلکہ زراعت مکمل طور پر تباہ ہوتی جارہی ہے ۔ رہی سہی کسر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے پوری کردی ہے جس سے ضلع پشین کے عوام شدید گرمی میں سخت اذیت سے دوچار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت ضلع پشین میں عوام کے شناختی کارڈز کو نامعلوم وجوہات کے بناپر بلاک کردیا جاتا ہے اورنادرا ایس او پیز کے بر خلاف شرائط و ضوابط مسلط کرکے عوام کو نئے شناختی کارڈ کے اجراء میں رکاوٹیں حائل کی جارہی ہیں۔اس وقت مجموعی طور پر تقریباً 96ہزار شناختی کارڈ بلاک کردیئے گئے ہیں۔ جس سے ہزاروں خاندانوں کو معاملات زندگی اور معاشرتی طور پر سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ نادرا حکام اس عوام دشمن عمل کو ترک کریں اور عوام کو شناختی کارڈ کے اجراء میں آسانی اور بلاک شناختی کارڈز کو بحال کیا جائے ۔ مقررین نے منتخب ایگزیکٹیوز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بجاء طور پر اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنے عہدوں اور پارٹی کی دی گئی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے پارٹی کو فعال و منظم بنانے کیلئے اپنی صلاحیتوں کوبروئے کار لائیں گے اور کسی قسم کی غفلت ، سستی ، کوتاہی اور لاپرواہی کے مرتکب نہیںہوں گے ۔

WhatsApp
Get Alert