پاکستانی نوجوان پرواز کے دوران سوئی ہوئی خاتون سے مبینہ جنسی حرکت پر تھائی لینڈ پہنچتے ہی گرفتار

ابتدا میں ملزم نے الزامات کی تردید کی، تاہم بعد میں مبینہ طور پر اپنے فعل کا اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگی، ملزم روتا رہا، گھٹنوں کے بل بیٹھ کر معافی کی درخواست کرتا رہا؛ متاثرہ خاتون کی گفتگو


بنکاک(قدرت روزنامہ) تھائی لینڈ جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں ایک خاتون مسافر سے مبینہ جنسی ہراسانی کے الزام میں پاکستانی شہری کو تھائی لینڈ پہنچنے پر حراست میں لے لیا گیا، متاثرہ خاتون نے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی اور ہرجانے کا مطالبہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ڈیلی میل کے مطابق 33 سالہ تھائی شہری بیوٹ پمپاپورن اٹلی کے شہر میلان سے دبئی کے راستے بینکاک واپس جا رہی تھیں، خاتون کا کہنا ہے کہ دبئی سے بینکاک جانے والی تقریباً چھ گھنٹے کی پرواز کے دوران وہ اپنی چار سالہ بیٹی کو گود میں لے کر سو گئی تھیں، دورانِ پرواز آنکھ کھلی تو ساتھ والی نشست پر موجود پاکستانی مسافر مبینہ طور پر ان کے ساتھ نازیبا حرکت کر رہا تھا اور ان کے جسم کو بھی نامناسب انداز میں چھو رہا تھا۔
خاتون نے بتایا کہ واقعے کے بعد ملزم نے خود کو معمول کے مطابق ظاہر کرنے کی کوشش کی اور نشست کے سامنے موجود اسکرین کو ایڈجسٹ کرنے کا بہانہ بناتا رہا، انہوں نے دورانِ پرواز کسی ہنگامے سے بچنے کے لیے فوری طور پر شور مچانے کے بجائے طیارہ لینڈ ہونے کا انتظار کیا اور بینکاک کے ڈان میونگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد کیبن کریو کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا۔

بتایا گیا ہے کہ متاثرہ خاتون کی شکایت پر ایئرلائن عملے نے پاکستانی شہری سے پوچھ گچھ کی، جس کی شناخت 30 سالہ رضا علی کے نام سے کی گئی ہے، خاتون کا دعویٰ ہے کہ ابتدا میں ملزم نے الزامات کی تردید کی، تاہم بعد میں مبینہ طور پر اپنے فعل کا اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگی، ملزم روتا رہا، گھٹنوں کے بل بیٹھ کر معافی کی درخواست کرتا رہا اور وعدہ کیا کہ آئندہ ایسا نہیں کرے گا، ملزم کے ساتھ سفر کرنے والے چند افراد نے بھی معافی دینے کی درخواست کی، تاہم کیبن کریو نے معاملے کو سنگین قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ اس میں پولیس کارروائی ضروری ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ پرواز کے بینکاک پہنچتے ہی سیاحتی پولیس اور امیگریشن حکام نے پاکستانی شہری کو حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا جہاں متاثرہ خاتون نے بھی باضابطہ پولیس رپورٹ درج کرا دی، ڈان میونگ پولیس اسٹیشن کے ایک افسر نے بتایا کہ ملزم کو تھائی لینڈ میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی، ابتدائی قانونی کارروائی کے تحت دونوں فریقین کے درمیان ضابطے کے مطابق مصالحت کی کوشش کی جائے گی، تاہم خاتون نے واضح کیا ہے کہ وہ ملزم کے خلاف مقدمہ چلانے اور ہرجانے کا مطالبہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
متاثرہ خاتون نے اپنی شناخت خفیہ رکھنے کا حق استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ دیگر خواتین خصوصاً اکیلے سفر کرنے والی مسافروں میں آگاہی پیدا کرنا چاہتی ہیں، طویل فضائی سفر کے دوران اکثر مسافر سو رہے ہوتے ہیں، جس کے باعث خواتین زیادہ غیر محفوظ ہو سکتی ہیں، اگر کسی خاتون کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آئے تو اسے خاموش رہنے یا شرمندگی محسوس کرنے کے بجائے فوری طور پر عملے کو اطلاع دینی چاہیے۔ فلائی دبئی کے ترجمان نے واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جاری تحقیقات کے باعث مسافروں سے متعلق معلومات یا کیس کی تفصیلات جاری نہیں کی جا سکتیں، کیوں کہ ایئرلائن کے لیے ان کے مسافروں اور عملے کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔

WhatsApp
Get Alert