کوئٹہ شہر میں بڑھتی ہوئی چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں پر جے یو آئی کی شدید تشویش، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا مطالبہ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، ڈپٹی سیکرٹری جنرل حاجی بشیر احمد کاکڑ، حافظ شبیر احمد مدنی، حاجی رحمت اللہ کاکڑ، سید حاجی عبدالواحد آغا، حافظ مسعود احمد، حاجی محمد قاسم خلجی، حاجی ولی محمد بڑیچ، صفی اللہ مینگل اور شاہ زاہد مشوانی نے کوئٹہ شہر میں بڑھتے ہوئے چوری، ڈکیتی اور رہزنی کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر بھر میں امن و امان کی صورتحال دن بدن ابتر ہوتی جارہی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں، گلی کوچوں اور شاہراہوں پر چوری، ڈکیتی اور موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات روز کا معمول بن چکے ہیں جرائم پیشہ عناصر بلاخوف و خطر وارداتیں کرکے باآسانی فرار ہوجاتے ہیں جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس اور عدم تحفظ کا احساس بڑھتا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ اکثر متاثرہ شہری وارداتوں کے بعد پولیس سے رجوع کرتے ہیں تو انہیں مقدمہ درج کرانے کے لیے بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اگر شہریوں کی شکایات پر ایف آئی آر کا اندراج ہی نہ ہو اور جرائم پیشہ عناصر آزادانہ طور پر وارداتیں کرتے رہیں تو قانون کی عملداری اور حکومتی رٹ پر سوالات اٹھنا فطری امر ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ کو محض بیانات اور رسمی اقدامات کے بجائے عملی اور نتیجہ خیز اقدامات کرنا ہوں گے۔ شہریوں کو چوروں ڈاکوں اور رہزنوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔ حکومت اور پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مثر اور بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائیں اور متاثرین کی شکایات پر فوری مقدمات درج کرکے انہیں انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے جامع اور مثر حکمتِ عملی وضع کی جائے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست اور انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی قابلِ قبول نہیں ۔

WhatsApp
Get Alert