بارشوں کا نیا اسپیل: محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) بارشوں کا نیا اسپیل ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کرنے والا ہے، محکمہ موسمیات نے 13 سے 15 اگست کے دوران مختلف علاقوں میں تیز بارش، گرج چمک اور موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں اور ایک مغربی لہر اس وقت ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہو رہی ہے۔ اس موسمی نظام کے باعث کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور شمال مشرقی پنجاب میں 12 اگست کی رات سے 15 اگست تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ سمیت شمال مشرقی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی تیز بارش متوقع ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی اور خطہ پوٹھوہار میں 13 اگست کی شام یا رات سے موسلادھار بارش شروع ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ سرگودھا، فیصل آباد اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی بارش کے امکانات موجود ہیں۔
دوسری جانب سندھ کے جنوب مشرقی اضلاع تھرپارکر، عمرکوٹ اور سانگھڑ سمیت ساحلی علاقوں میں 12 اور 13 اگست کو بارش متوقع ہے۔ صوبے کے دیگر علاقوں میں موسم بدستور شدید گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
شہریوں کیلئے اہم موسمیاتی ایڈوائزری
محکمہ موسمیات نے بارش کے دوران نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسمی صورتحال سے متعلق تازہ ترین ہدایات پر نظر رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
متوقع بارشوں کے باعث متعلقہ اداروں کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert