اختر مینگل نے دبئی میں ریکوڈک کے 40 ارب روپے لیے، مودی کے بندوں سے پاکستان کے خلاف میٹنگز کیں غریب کے بچوں کو پہاڑوں پر بھیجنے والے خود دبئی میں رہتے ہیں، اختر مینگل کی پارٹی کا جنازہ نکل چکا ہے : علی حسن زہری کے سنسنی خیز الزامات
شہباز شریف کے ڈھائی سال مکمل ہونے کے بعد بلاول بھٹو ڈھائی سال کے لیے وزیراعظم بنیں گے: پیپلز پارٹی رہنما کا دعویٰ

پہاڑوں پر جانے والے سرنڈر ہو جائیں، ورنہ دو تین ماہ میں بلوچستان میں آپریشن ضرور ہوگا: پی پی رہنما کا انتباہ
زرداری ہمارا باپ اور محسن ہے، اختر مینگل ان کے بارے میں اپنے الفاظ کا چناؤ درست کریں، بے بنیاد تنقید برداشت نہیں
غریب مسافروں کو لوٹنے اور پل توڑنے سے پاکستان نہیں ٹوٹے گا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر جیسا جنرل پھر نہیں ملے گا: خطاب
حب (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما علی حسن زہری نے حب میں جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل پر کڑی تنقید اور سنسنی خیز الزامات عائد کیے ہیں۔ تقریب کے دوران علی حسن زہری نے اختر مینگل کی تقریر چلاتے ہوئے سوال اٹھایا کہ انہوں نے بلوچستان کے سیاسی لوگوں کو غدار کیسے کہا؟ انہوں نے سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی اختر مینگل کا نام نہیں لیا مگر مینگل صاحب جب آپ پاکستان سے باہر گئے تو کیا آپ نے دبئی میں ریکوڈک کے 40 ارب روپے نہیں لیے؟ علی حسن زہری نے کہا کہ اختر مینگل کی فنڈنگ بند ہو گئی ہے، وہ خود دبئی میں رہتے ہیں مگر غریب کے بچوں کو پہاڑوں پر بھیجتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے بچوں کی طرح سیکیورٹی فورسز کے بچوں کو بھی دیکھیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اختر مینگل کے جلسوں میں گاڑیاں کس نے دیں؟ ان کا کہنا تھا کہ اختر مینگل سیاست کریں مگر پیپلز پارٹی پر بے بنیاد تنقید نہ کریں، ان کی پارٹی کا جنازہ نکل چکا ہے اور وہ اپنی پارٹی میں اکیلے رہ گئے ہیں۔ انہوں نے سنگین نوعیت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اختر مینگل نے مودی کے بندوں سے پاکستان کے خلاف میٹنگ کی ہے۔ علی حسن زہری نے اختر مینگل کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ “اختر مینگل صاحب بہت ہو گیا، آصف علی زرداری ہمارا باپ، بھائی اور محسن ہے، اس کے بارے میں اپنے الفاظ کا چناؤ ٹھیک کریں۔” ان کا کہنا تھا کہ اختر مینگل میں بلوچیت ہے ہی نہیں، سردار عطا اللہ مینگل ایم این اے بنے تو انہوں نے کہا تھا کہ میں پنجاب نہیں جاؤں گا، مگر اختر مینگل نے اپنی بیٹی کا رشتہ پنجابیوں کو دیا ہے، پھر وہ کیسے پنجابیوں کے خلاف لڑتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ اختر مینگل کو اب کوئی پوچھتا نہیں ہے اس لیے وہ پیپلز پارٹی کے بارے میں ایسے الفاظ استعمال کر رہے ہیں۔

ملکی سیاست کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پی پی رہنما نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری پچھلے 7 ماہ سے رات بھر سوتے نہیں ہیں، ملک کے سب کام ان کے مشورے سے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ڈھائی سال مکمل ہونے کے بعد چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اگلے ڈھائی سال کے لیے وزیراعظم بنیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج ہمارے لیے قابل احترام ہے، جنرل سید عاصم منیر جیسا آرمی چیف پھر نہیں ملے گا، سعودی عرب اور قطر سمیت دنیا پاکستان کی فوج کو بلا رہی ہے۔
امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے علی حسن زہری نے کہا کہ نوشکی بارڈر سے افغانستان سے دہشت گرد آکر بلوچستان میں دہشت گردی کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ غریب مسافروں کو لوٹنے اور پل توڑنے سے پاکستان نہیں ٹوٹے گا، بیرون ملک بیٹھ کر غریب بلوچوں کو لڑوایا جا رہا ہے۔ انہوں نے پہاڑوں پر جانے والوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پہاڑوں پر جانے والے واپس آئیں اور دیکھیں کہ ہم کیسے ترقیاتی کام کروا رہے ہیں، واپس آنے والوں کو روزگار اور تعلیم ملے گی۔ انہوں نے سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ پہاڑوں پر جانے والے سرنڈر ہو جائیں ورنہ دو تین ماہ میں بلوچستان میں آپریشن ضرور ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہے تو بلوچستان ہے۔
