آزاد کشمیر انتخابات: ضلع باغ کی 2 نشستوں میں ایک پر ن لیگ، دوسری پر پیپلز پارٹی کامیاب

آزاد کشمیر(قدرت روزنامہ)آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے 2 حلقوں کے نتائج آگئے، ایل اے 15 کا میدان پیپلز پارٹی جبکہ ایل اے 16 کی سیٹ مسلم لیگ ن نے اپنے نام کرلی۔
آزاد کشمیر الیکشن میں آج 2 نشستوں کے 23 پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ ہوئی جس کے بعد غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے۔
ایل اے 16 کے تمام 186 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگ کے میر اکبر خان نے 20 ہزار 793 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی ہے۔
پیپلز پارٹی کے قمر الزمان خان نے 16 ہزار 964 ووٹ حاصل کیے، انہیں اکبر خان نے 3 ہزار 829 ووٹوں کے مارجن سے شکست دی ہے۔
دوسری جانب ایل اے 15 باغ کے تمام 213 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا، پیپلز پارٹی کے ضیاء قمر 17 ہزار 19 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔
اس نشست پر اُن کے حریف ن لیگ کے مشتاق منہاس نے 15 ہزار 127 ووٹ لیے، اُن کی شکست کا مارجن 1 ہزار 892 ووٹ رہا۔
