ٹیکسلا میں ٹک ٹاکر شمسو بی بی كا مبینہ قتل


ٹیکسلا(قدرت روزنامہ)ٹیکسلا بائی پاس کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے ایک گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں معروف ٹک ٹاکر عائشہ گیلامنہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں جبکہ ان کے ساتھ موجود 15 سالہ بہن شدید زخمی ہو گئی ہیں، اس اچانک اور خونی واقعے سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ ابتدائی اطلاعات اور پولیس ذرائع کے مطابق 28 سالہ شمسو عرف عائشہ گیلامنہ اپنی بہن کے ہمراہ ٹیکسلا سے راولپنڈی کی جانب جا رہی تھیں کہ اس دوران جیسے ہی ان کی گاڑی ٹیکسلا بائی پاس کے نزدیک پہنچی تو ان کے تعاقب میں آنے والے موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے گاڑی کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نشانہ بنایا، گولیاں لگنے کے باعث شدید زخموں کی وجہ سے عائشہ گیلامنہ نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، گاڑی میں سوار ان کی 15 سالہ کمسن بہن شدید طور پر زخمی ہو گئیں۔
بتایا گیا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور دونوں بہنوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا، شدید زخمی ہونے والی 15 سالہ لڑکی کو فوری اور ہنگامی طبی امداد کی فراہمی کے لیے پمز ہسپتال اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولہ عائشہ گیلامنہ سوشل میڈیا کے مقبول پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر اپنی ویڈیوز کی وجہ سے تیزی سے شہرت حاصل کر رہی تھیں اور اس پلیٹ فارم سے معقول آمدن بھی حاصل کر رہی تھیں، ان کو قتل کیے جانے کے واقعے کے فوراً بعد مقامی پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے واقعے کی تمام زوایوں سے سائنسی اور فنی بنیادوں پر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
اس ضمن میں پولیس حکام نے کہا ہے کہ مطابق فائرنگ میں ملوث مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، تاہم قتل کے پیچھے چھپے ہوئے اصل اسباب اور وجوہات کا تاحال حتمی پتہ نہیں چل سکا ہے۔

WhatsApp
Get Alert