یہ کیسا میڈیا ہے؟ جب صاحب کا کتا گم ہو، تو بریکنگ نیوز، غریب کا بچہ، گم ہو تو خاموشی؟ لگتا ہے میڈیا میں انسان سے زیادہ کتے کا خبر اہم ہے ،حافظ حمداللہ

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)سابق رکنِ قومی اسمبلی حافظ حمد اللہ نے میڈیا کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی مشہور شخصیت کا پالتو جانور گم ہو جائے تو اسے فوری طور پر نمایاں خبر بنا دیا جاتا ہے، لیکن جب کسی غریب کا بچہ یا نوجوان لاپتہ ہو جائے تو اکثر اوقات اس کی آواز سننے والا کوئی نہیں ہوتا۔
حافظ حمد اللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ آج خبر کی اہمیت بھی بعض اوقات انسان کی حیثیت اور شہرت دیکھ کر طے ہوتی محسوس ہوتی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ایک مشہور شخص کا کتا اس غریب ماں کے بچے سے زیادہ اہم ہے جو اپنے لاپتہ بیٹے کی تلاش میں دربدر کی ٹھوکریں کھا رہی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غریب خاندانوں کی فریاد اکثر میڈیا کی توجہ حاصل نہیں کر پاتی، جبکہ بااثر اور مشہور شخصیات سے متعلق معمولی واقعات بھی فوری طور پر نشر کر دیے جاتے ہیں۔
حافظ حمد اللہ نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اپنی ذمہ داری کو محسوس کرے اور عام لوگوں، خصوصاً لاپتہ بچوں اور نوجوانوں کے مسائل کو بھی اتنی ہی اہمیت دے جتنی مشہور شخصیات سے متعلق خبروں کو دی جاتی ہے۔
