ایک دفعہ پھر اس ملک کے ’ان ٹچ ایبل‘ نے ثابت کیا کہ وہ آئین و قانون سے بالاتر ہیں، سہیل آفریدی

عمران خان کے علاج سے متعلق تین ججز کے فیصلے کو حکومت اور انتظامیہ نے ردی کی ٹوکری پھینک کر ججز کے منہ پر طمانچہ مارا، عمران خان کی بہن کے ایک ایک آنسو کی قیمت چکائیں گے؛ ہنگو میں کارکنوں سے خطاب


ہنگو(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عمران خان کے علاج سے متعلق سپریم کورٹ کے تین ججز کے فیصلے کو حکومت اور انتظامیہ نے ردی کی ٹوکری میں پھینک کر عدلیہ کے منہ پر طمانچہ مارا ہے۔ ہنگو کے ابوبکر صدیق چوک میں اسٹریٹ موومنٹ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر اس ملک کے ’ان ٹچ ایبل‘ نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ آئین و قانون سے بالکل بالاتر ہیں، اگر ہمارے خلاف عدالت، ایف آئی اے یا کوئی دوسرا ادارہ حکم دے تو پندرہ منٹ میں پولیس پہنچ جاتی ہے اور ایک گھنٹے میں عملدرآمد ہو جاتا ہے، لیکن عمران خان کے علاج کے لیے اعلیٰ عدالت نے دو دن کا وقت دیا مگر جو خود کو آئین سے اوپر سمجھتے ہیں انہوں نے اس پر کوئی عمل نہیں کیا۔
سہیل آفریدی نے عدلیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر عدالتیں ان طاقتوروں کو کٹہرے میں نہیں لا سکتیں تو انہیں مظلوموں کو بھی سزائیں دینے کا کوئی حق نہیں، اگر طاقتور کو سزا نہیں دی جا سکتی تو عدلیہ سے گزارش ہے کہ جیلوں میں بند کمزور لوگوں کو بھی آزاد کرے، ایک ملک میں دو نظام نہیں چل سکتے اور عمران خان کی حقیقی آزادی کی جدوجہد کا مقصد ہی کمزور اور طاقتور کے لیے ایک قانون کا قیام ہے، اگر انہوں نے صرف طاقتور کو بچانا ہے تو ہم اس ظالمانہ نظام سے باغی ہیں۔
پی ٹی آئی خواتین اور رہنماؤں پر ہونے والے مبینہ مظالم پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے کہا کہ عمران خان کی بہنوں کی بے توقیری کی گئی، لیکن اب ان کا ‘عورت کارڈ’ بھی ختم ہو چکا ہے، ہم عمران خان سے جنون کی حد تک عشق کرتے ہیں اور ان کی بہن کے ایک ایک آنسو کی قیمت چکائیں گے، 27 تاریخ کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ ہوگا اور اس بار 20 لاکھ نہیں بلکہ 40 لاکھ کا سمندر لے کر دارالحکومت پہنچیں گے۔

WhatsApp
Get Alert