کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ اور بدامنی حکومتی رٹ پر سوالیہ نشان ہے: جے یو آئی کوئٹہ

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) جمعیت علماء اسلام صوبائی نائب امیر و ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس اور دیگر رہنماؤں نے شہر میں قاتلوں اور راہزنوں کی کھلے عام وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال محفوظ نہیں رہی۔ کوئٹہ میں بے گناہ شہریوں اور سرانان میں نہتے مزدوروں کی ٹارگٹ کلنگ حکومت اور انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
جے یو آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ قتل و غارت گری کا بڑھتا ہوا سلسلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومتی رٹ عملاً کمزور ہوچکی ہے۔ چیک پوسٹوں کی بھرمار اور سکیورٹی دعووں کے باوجود قاتل آزادانہ کارروائیاں کر رہے ہیں جو سکیورٹی پالیسی پر ایک سنجیدہ سوال ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ محض دعووں کے بجائے عملی طور پر امن قائم کیا جائے، ٹارگٹ کلنگ کا سدباب ہو، اور قاتلوں سمیت ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
