بیرسٹر سید افتخارعلی گیلانی وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے نامزد
بیرسٹر افتخار گیلانی اپنے حلقے سے الیکشن ہار گئے تھے، ٹیکنوکریٹ نشست پر رکن اسمبلی بن گئے

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے طویل اور اہم مشاورت کے بعد بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی کو آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کے منصب کے لیے باقاعدہ نامزد کردیا۔ مسلم لیگ ن کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب کے مطابق پارٹی صدر محمد نواز شریف نے بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی کو آزاد جموں و کشمیر کی وزارتِ عظمیٰ کے عہدے کے لیے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت جاری کر دی ہے، یہ اہم فیصلہ وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس کے دوران کیا گیا، جس میں شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اور اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری طارق فاروق سمیت ن لیگ کی سینئر قیادت شریک تھی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی کو آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کے منصب پر نامزد کیا ہے
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی کو آزاد جموں و کشمیر کی وزارت عظمی کے عہدے پر انتخاب کے لئے کاغذات…— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) August 27, 2026
دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کی وزارتِ عظمیٰ کی دوڑ میں شاہ غلام قادر اور بیرسٹر افتخار گیلانی کے درمیان سخت مقابلہ جاری تھا، تاہم وزیراعظم ہاؤس میں تقریباً 4 گھنٹے جاری رہنے والے طویل بحث و مباحثے کے بعد ن لیگ کی اعلیٰ قیادت نے اتفاقِ رائے سے بیرسٹر افتخار گیلانی کے نام پر مہر تصدیق ثبت کردی جب کہ شاہ غلام قادر کو راضی کرنے کے لیے ممکنہ طور پر انہیں صدرِ آزاد کشمیر کے منصب کے لیے نامزد کیا جائے گا بشرطیکہ وہ اس پیشکش کو قبول کرلیں۔
بتایا گیا ہے کہ اس اہم سیاسی پیشرفت کے ساتھ ہی آزاد کشمیر اسمبلی میں قائدِ ایوان یعنی وزیراعظم کے انتخاب کے شیڈول میں بھی ایک روز کی تاخیر کر دی گئی ہے، جس کے بعد اب قائدِ ایوان کا باقاعدہ انتخاب 28 اگست کو عمل میں لایا جائے گا۔
آزاد کشمیر کی وزارت عظمی کے لیے شاہ غلام قادر اور افتخار گیلانی میں سخت میچ پڑا رہا لیکن وزیراعظم ہاوس میں 4 گھنٹے کی بحث کے بعد بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیر اعظم آزاد کشمیر نامزد کر دیا گیا۔ شاہ غلام قادر کو ممکنہ طور پر صدر آزاد کشمیر کیلئے نامزد کیا جائے گا اگر انہوں نے قبول… pic.twitter.com/wKgXGeWUjR
— Syed Sammer Abbas (سید ثمر عباس) (@SammerAbbas) August 26, 2026
واضح رہے کہ بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی اپنے متعلقہ انتخاب میں جنرل نشست پر کامیا ب نہ ہو سکے تھے، تاہم بعد ازاں وہ ٹیکنوکریٹ کی مخصوص نشست پر رکنِ آزاد کشمیر اسمبلی منتخب ہوئے، جس کے بعد مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے طویل اور اہم مشاورت کے بعد بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی کو آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کے منصب کےلیے نامزد کردیا اور اب وہ ریاست کی سب سے بڑی آئینی مسند سنبھالنے کے قریب ہیں۔
