سائبر کرائم ایجنسی میں فنانشل فراڈ کی 3 ہزار سے زائد شکایات، صرف 26 ایف آئی آرز درج

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نیشنل سائبر کرائم ایجنسی میں فنانشل فراڈ کی 3 ہزار سے زائد شکایات موصول ہونے کے باوجود صرف 26 ایف آئی آرز درج ہوئیں۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی میں عملہ کم ہے یا حکمت عملی کا فقدان ہے کہ 3 سرکلز میں فنانشل اور واٹس ایپ شکایات پر انکوائریز کے بعد ایف آئی آر اندراج انتہائی کم ہے۔
دستیاب دستاویز کے مطابق رواں سال 20 اگست تک فنانشل فراڈ کی مجموعی طور پر 3005 شکایات موصول ہوئیں جن پر 854 انکوائری رجسٹرڈ ہوئیں اور صرف 26 ایف آئی آر درج کی جاسکیں۔
واٹس ایپ فراڈ شکایات کی تعداد 540 ہے، انکوئریز صرف 16 رجسٹرڈ ہوئیں جبکہ واٹس ایپ شکایات پر رجسٹرڈ انکوائریز کے ضمن میں 8 ماہ میں کوئی ایک ایف آئی آر درج نہیں ہوئی۔
دستاویز کے مطابق فنانشل اور واٹس ایپ کی سب سے زیادہ شکایات 1870 اور 473 کراچی سرکل میں موصول ہوئیں جبکہ درج انکوائریز کی بالترتیب تعداد 683 اور 3 رہی جبکہ ایف آئی آر صرف 12 درج ہوئیں۔
