جو خان ہوگا اور عمران خان کو سپورٹ نہیں کرے گا یہ ہو ہی نہیں سکتا، یونس خان

کراچی (قدرت روزنامہ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور نامور بیٹر یونس خان نے سابق کپتان اور وزیراعظم عمران خان کے ساتھ اپنی حمایت کا اعلانیہ اظہار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوں میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے یونس خان کا کہنا تھا کہ جو خان ہوگا اور خان کو سپورٹ نہیں کرے گا، یہ ہو ہی نہیں سکتا، میں ہمیشہ عمران خان کو سپورٹ کرتا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ ماہ پہلے جب پی ٹی آئی اور عمران خان کے لیے حالات انتہائی مشکل تھے اور ان کی آنکھ کے علاج کا مسئلہ سامنے آیا تھا تو سب سے پہلے میں نے ہی آواز اٹھائی تھی، میں زیادہ میڈیا پر نظر نہیں آتا اور بعض اوقات تو میری اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ تک بھی رسائی نہیں ہوتی، لیکن جب مجھے عمران خان کی آنکھ کے بارے میں معلوم ہوا تو میں نے الحمد للہ فوری طور پر ٹویٹ کیا تھا، میں یہ نہیں کہوں گا کہ باقیوں نے ایسا کیا یا نہیں لیکن ہمیں اپنے عمل کا جواب دینا ہے۔
بریکنگ نیوز 🚨
یونس خان نے کہا جو خان ہوگا اور خان کو سپورٹ نہیں کرے گا یہ ہو ہی نہیں سکتا۔
میں ہمیشہ عمران خان کو سپورٹ کرتا ہوں اور سب سے پہلے میں نے عمران کی آنکھ کے حوالے سے ٹویٹ کیا تھا
جب پی ٹی آئی پر مشکل وقت تھا pic.twitter.com/SfeaULL1b2— Faisal Khan (@KaliwalYam) August 30, 2026
عمران خان کی کرکٹ اور قومی خدمات پر بات کرتے ہوئے سابق کپتان یونس خان نے کہا کہ گریٹ عمران خان وہ شخصیت ہیں جو دنیا کی ان چند منتخب شخصیات میں سے ہیں جنہوں نے پاکستان اور تمام مسلم اسپورٹس پرسنز کے لیے عالمی سطح پر بہت نام کمایا ہے، میں ہمیشہ سے عمران خان کا حمایتی رہا ہوں اور دل سے چاہتا ہوں کہ ان کی صحت بہترین رہے اور اللہ تعالیٰ ان کی درپیش تمام تر مشکلات اور آزمائشوں کو آسان فرمائے۔
