آپ کے قریبی ساتھی آپ کو چھوڑ کر جا رہے ہیں؟ صحافی کا وزیراعظم سے سوال
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) قومی اسمبلی اجلاس کے بعد جب وزیراعظم عمران خان جانے لگے تو میڈیا نے ان سے سوال کیا کہ آپ کے قریبی ساتھی آپ کو چھوڑ کر جا رہے ہیں۔صحافی کے سوال پر وزیراعظم عمران خان خاموش رہے۔البتہ ان کے ساتھ ہی موجود وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پلٹ کر صحافی سے ہی پوچھ لیا کہ کون سے ساتھی ؟۔خیال رہے کہ گذشتہ روز تحریک انصاف کے پارلیمانی اجلاس کے بعد سیاسی حالات کافی گرم ہو گئے۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر اور وزیر دفاع پرویز خٹک کے درمیان تلخ کلامی ہو ئی۔ فنانس بل کے حوالے سے اہم پارلیمانی پارٹی اجلاس جاری تھا، کہ ملک میں گیس کی قلت اور لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے حماد اظہر اور پرویز خٹک میں تلخ کلامی ہونے لگی۔
پرویز خٹک نے کہا وزیر اعظم صاحب آپ کی موجودگی کا فائدہ اٹھا کر کچھ بات کرنا چاہتا ہوں، ہمارے ارکان کو گیس کے معاملے پر شدید تحفظات ہیں، گیس کی جو اسکیمیں شروع ہوئیں وہ کب مکمل ہوں گی؟ ذرائع کے مطابق حماد اظہر نے گیس کی صورت حال پر 2011 سے بات کا آغاز کیا، جس پر پرویز خٹک نے ٹوکا، آپ کہانیاں نہ سنائیں، یہ بتائیں گیس کب ملے گی۔
حماد اظہر نے جواب میں کہا میں آپ کو وہی بتا رہا ہوں آپ سنیں تو سہی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پرویز خٹک تین باراپنی نشست پر کھڑے ہوئے، پرویز خٹک نے حماد اظہر کے ساتھ شوکت ترین پربھی سخت تنقید کی، انھوں نے کہا حماد اظہر کو گیس اور بجلی کے مسائل کا علم ہی نہیں ہے، اور شوکت ترین مجھے کابینہ میں بھی مطمئن نہیں کر سکا۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے وزیر اعظم عمران خان سے کہا آپ نے غیر منتخب لوگوں کو آس پاس بٹھایا ہوا ہے، میں یہاں سے جا رہا ہوں، یہ کہہ کر پرویز خٹک نے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا میں ملک کی جنگ لڑ رہا ہوں، میرا کوئی ذاتی مفاد نہیں ہے، میرے کوئی کارخانے نہیں، میری کوششیں ملکی مفاد کی خاطر ہے۔ جب وزیر دفاع پرویز خٹک اجلاس سے اٹھ گئے، تو کچھ ہی دیر بعد پھر واپس آ گئے، ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر مراد سعید پرویز خٹک کو واپس منا کر لائے