بجلی کے بلوں میں 10 سے زائد غیر قانونی ٹیکسز نے عوام کی کمر توڑ دی، ہائیکورٹ ازخود نوٹس لے: عوامی حلقے

چیف کیسکو کو عدالت طلب کر کے ہوشربا ٹیکسز اور سرچارجز کا قانونی جواز پوچھا جائے: کوئٹہ کے شہریوں کا مطالبہ


طویل لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کے ستائے عوام پر اضافی وصولیاں ناقابل برداشت بوجھ ہیں، فوری ختم کیے جائیں: صارفین
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان کے عوام نے کیسکو کی جانب سے بجلی کے بلوں میں مختلف ٹیکسز، سرچارجز اور اضافی چارجز عائد کیے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں بجلی کے بھاری بلوں نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، جبکہ بلوں میں متعدد اقسام کے ٹیکسز شامل کیے جانے سے صارفین شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بجلی کے صارفین کو پہلے ہی طویل لوڈشیڈنگ، کم وولٹیج اور بجلی کی دیگر مشکلات کا سامنا ہے، دوسری جانب ماہانہ بجلی کے بلوں میں 10 سے زائد مختلف اقسام کے ٹیکسز اور دیگر چارجز عائد کرکے عوام پر مزید مالی بوجھ ڈالا جا رہا ہیصارفین کا کہنا ہے کہ بجلی کے بل میں اصل بجلی کی قیمت کے علاوہ مختلف مدات میں ٹیکسز اور سرچارجز شامل ہونے کے باعث معمولی استعمال کرنے والے صارفین کے بل بھی کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات کے باعث عام شہریوں کے لیے بھاری بھرکم بجلی کے بل ادا کرنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔عوامی حلقوں نے بلوچستان ہائیکورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کے بلوں میں عائد مختلف ٹیکسز اور اضافی چارجز کا قانونی جائزہ لیا جائے اور اس معاملے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے کیسکو حکام سے وضاحت طلب کی جائے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف کیسکو کو عدالت طلب کرکے بلوچستان کے بجلی صارفین پر عائد مختلف ٹیکسز، سرچارجز اور دیگر اضافی وصولیوں کی تفصیلات طلب کی جائیں اور یہ بھی واضح کیا جائے کہ کون سے ٹیکس وفاقی یا صوبائی قوانین کے تحت عائد کیے جا رہے ہیں اور ان کی وصولی کا قانونی جواز کیا ہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر کسی ٹیکس یا چارج کی وصولی کے لیے قانونی جواز موجود نہیں تو اسے فوری طور پر ختم کیا جائے اور بلوچستان کے عوام کو غیر ضروری مالی بوجھ سے نجات دلائی جائے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں، ایسے میں بجلی کے بلوں میں مختلف مدات کے نام پر اضافی رقم وصول کرنا عوام کے لیے ناقابل برداشت بوجھ بنتا جا رہا ہے۔عوامی حلقوں نے بلوچستان ہائیکورٹ، وفاقی حکومت اور متعلقہ بجلی حکام سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے بجلی صارفین کو دیگر صوبوں کے صارفین کے برابر سہولیات اور ریلیف فراہم کیا جائے، بجلی کے بلوں میں شامل تمام ٹیکسز اور چارجز کی مکمل تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں اور کسی بھی غیر قانونی یا بلاجواز وصولی کا فوری خاتمہ کیا جائے

WhatsApp
Get Alert