عمران خان کو توڑنے کی ہر کوشش ناکام ہوئی، وہ آج بھی چٹان کی طرح قائم ہے

کراچی (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عمران خان نے مجھے وزیراعلیٰ بنایا لیکن موروثی سیاست کے وارث نہیں چاہتے کہ عام آدمی آگے آئے، یہ کرپٹ سیاسی خاندان، سردار وڈیرے اور اشرافیہ کبھی نہیں چاہیں گے کہ عام آدمی بااختیار ہو، حکمران عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں، قومی وسائل لوٹ رہے ہیں۔
شہدادکوٹ میں اسٹریٹ موومنٹ کے بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ کے عوام عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔ کئی دہائیوں سے یہ جھوٹا اور غلط بیانیہ پھیلایا گیا کہ اندرونِ سندھ میں صرف ایک سیاسی جماعت کا راج ہے، لیکن شہدادکوٹ کے عوام نے ثابت کر دیا کہ اندرونِ سندھ کے عوام عمران خان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
عمران خان ناحق قید ہیں، ان کی اہلیہ کو بھی جیل میں ڈال دیا گیا، جبکہ ان کی بہنوں کو فسطائی ریاستی جبر کا نشانہ بنایا گیا۔ پی ٹی آئی کارکنان، خواتین، بزرگوں اور بچوں کو بھی شدید انتقامی کارروائیوں کا سامنا ہے۔ 26 ویں اور 27 ویں آئینی ترامیم نے ریاستی اداروں، بالخصوص عدلیہ کو مفلوج کر دیا ہے۔ عدالتوں نے عمران خان سے ملاقات اور ان کے علاج کے لیے اہلِ خانہ اور ذاتی معالجین کی موجودگی کی اجازت دی، لیکن مسلط حکمرانوں نے عدالتی احکامات کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔
عدالتی فیصلوں کی توہین نے واضح کر دیا ہے کہ مسلط حکمران آئین، قانون اور عدالتوں کو خاطر میں نہیں لاتے۔ عمران خان کو توڑنے کی ہر کوشش ناکام ہوئی؛ وہ آج بھی اپنے مؤقف پر چٹان کی طرح قائم ہیں۔ عمران خان حکمرانوں یا طاقتور طبقات کی طرف نہیں دیکھ رہے، وہ پاکستان کے عوام کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ عمران خان کی جنگ صرف اپنی ذات یا اقتدار کے لیے نہیں، بلکہ پورے پاکستان کی آزادی اور ہماری آنے والی نسلوں کے مستقبل کی جنگ ہے۔
کیا آپ اپنے مستقبل کو بچانا چاہتے ہیں یا نہیں؟ فیصلہ آج آپ نے کرنا ہے۔ کرپٹ حکمران عوام کا پیسہ لوٹ کر بیرونِ ملک جائیدادیں اور جزیرے خریدتے ہیں۔ یہ ملک آپ کا ہے۔ اس کے حقوق، وسائل اور مستقبل کے تحفظ کے لیے آپ کو خود کھڑا ہونا ہوگا۔ میں متوسط طبقے سے تعلق رکھتا ہوں۔ عمران خان نے مجھے وزیراعلیٰ بنایا۔ اس ملک میں آپ میں سے کوئی بھی وزیراعلیٰ بن سکتا ہے۔
موروثی سیاست کے وارث نہیں چاہتے کہ عام آدمی آگے آئے۔ یہ کرپٹ سیاسی خاندان دہائیوں سے عوام کو اپنے مفادات کی بھینٹ چڑھاتے آئے ہیں۔ سردار، وڈیرے اور اشرافیہ کبھی نہیں چاہیں گے کہ عام آدمی بااختیار ہو۔ کرپٹ حکمران عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں، قومی وسائل لوٹ رہے ہیں اور عوام کی محنت کا پھل ہڑپ کر رہے ہیں۔
