6ستمبر یومِ دفاع پاکستان کی عظیم تاریخ کا یادگار دن ہے، اسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا: مینا مجید بلوچ


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965 ہماری دفاعی تاریخ کا یادگار دن ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس دن پاکستانی فوج نے نہ صرف مادر وطن کا دفاع کیا بلکہ دنیا کو یہ واضح پیغام دیا کہ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کو شکست دینے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزدل دشمن نے لاہور پر قبضہ کرنے کے لیے رات کی تاریکی میں حملہ کیا اور پوری دنیا نے دیکھا کہ افواج پاکستان کے جری سپوتوں نے بے مثال بہادری سے دشمن کو پسپا کیا۔
صوبائی مشیر نے کہا کہ پاک وطن کے جوانوں نے اپنی لازوال قربانیوں سے ثابت کیا کہ قومیں جنگیں ہتھیاروں سے نہیں بلکہ ایمان اور حوصلے سے جیتتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ عالم پاک فوج کی بہادری کی لازوال داستانیں رقم کرنے کی کوئی دوسری مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔
محترمہ مینا مجید بلوچ نے وطن عزیز کے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دفاع وطن کے لیے جان نچھاور کرنے والے بہادر سپوتوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاع وطن کے لیے اپنی قیمتی جانیں قربان کرنے والے شہداء ہماری آن، بان اور شان ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج پوری قوم شہدائے وطن اور ان کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی سے بھی گریز نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر یومِ دفاع پر پوری قوم پاک فوج کو دلی خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ معرکۂ حق کی کامیابی نے قوم کے حوصلوں کو بلند کیا اور ہم سب اپنی افواج کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ 6 ستمبر کا یہ یادگار دن ہمیں شہداء اور غازیوں کے جذبۂ ایثار اور دفاعِ وطن کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert