پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے پوری قوم متحد ہے: حاجی ولی محمد نورزئی
یومِ دفاع پر کوئٹہ میں ریلی، شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے: رکن اسمبلی

بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ ملک کے دفاع میں کردار ادا کیا، وطن کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پاکستان مسلم لیگ ن رکن بلوچستان اسمبلی حاجی ولی محمد نورزئی کی قیادت میں کوئٹہ میں یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر ریلی نکالی گئی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حاجی ولی محمد نورزئی نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے پوری قوم متحد ہے۔ یومِ دفاع ہمیں پاک فوج کے شہدا اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خاطر جان قربان کرنے والے شہدا قوم کے حقیقی ہیرو ہیں اور ہم ان کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع پاکستان کی تاریخ میں بہادری، قربانی اور قومی عزم کی روشن علامت ہے۔حاجی ولی محمد نورزئی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے قوم میں اتحاد، نظم و ضبط اور قومی جذبے کو فروغ دینا ہوگا۔ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کے دفاع، استحکام اور سلامتی میں اپنا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی وطن عزیز کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
