پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام کی کمر توڑنے کے مترادف ہے، اے این پی خاموش نہیں رہے گی: زمرک خان اچکزئی

مہنگائی کا نیا طوفان عام آدمی کو مزید کچل دے گا، وفاقی حکومت عوام دشمن فیصلہ فوری واپس لے


عوام کے ریلیف کے لیے ہر فورم پر بھرپور آواز بلند کی جائے گی: پارلیمانی لیڈر عوامی نیشنل پارٹی
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ)عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر مزید معاشی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ اس اضافے سے عوام کی کمر ٹوٹ گئی ہے اور مہنگائی کے ایک نئے طوفان نے پہلے سے پریشان عام آدمی کی مشکلات کو مزید بڑھا دیا ہے۔ انجینئر زمرک خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے اثرات براہِ راست ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیا کی قیمتوں پر پڑیں گے، جس سے مہنگائی کا نیا سلسلہ شروع ہوگا اور پہلے ہی مالی مشکلات کا شکار عوام مزید پس جائیں گے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ اے این پی کے پارلیمانی لیڈر نے دوٹوک الفاظ میں اعلان کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی اس عوام دشمن مہنگائی کے خلاف کسی صورت خاموش نہیں رہے گی اور عوام کی مشکلات کے ازالے کے لیے ہر فورم پر بھرپور آواز بلند کرتی رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert