مریم نواز کے سرکاری جہاز کے نجی استعمال پر اخراجات کے چالان کی رقم میں دو بار کمی کا دعویٰ

اخراجات کی رقم 2 کروڑ 93 لاکھ 65 ہزار 976 روپے سے کم کرکے 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے کردی گئی، البتہ ابھی تک رقم جمع کروانے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی، سید عمران شفقت کی خبر


لاہور(قدرت روزنامہ)صحافی اور تجزیہ کار سید عمران شفقت نے پنجاب کے سرکاری طیارے کے نجی استعمال سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب طیارے کے استعمال کا پہلا سرکاری چالان مریم نواز کے نام 14 ستمبر کو جاری کیا گیا تھا، جس کی کل رقم 2 کروڑ 93 لاکھ 65 ہزار 976 روپے مقرر کی گئی تھی، تاہم اس چالان کے اجراء کے بعد ایک ہی دن میں دو مرتبہ رقم میں ردوبدل کیا گیا اور باقاعدہ طور پر مریم نواز کو ترمیمی خطوط بھی ارسال کیے گئے۔
اس حوالے سے سید عمران شفقت نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری اپنی ایک پوسٹ میں بتایا کہ پہلے چالان کے بعد جاری کیے جانے والے دوسرے چالان میں رقم کم کر کے 2 کروڑ 80 لاکھ 37 ہزار 844 روپے کر دی گئی، اس کے بعد ایک اور ترمیم کے تحت تیسرا چالان جاری کیا گیا جس میں سرکاری طیارے کے نجی استعمال کا کل خرچ مزید کم کرکے 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے درج کیا گیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ چالان میں مسلسل رقم کی کمی اور بار بار کی تبدیلیوں کے باوجود ابھی تک سرکاری خزانے میں اس رقم کی ادائیگی یا جمع کروائے جانے سے متعلق کوئی تصدیق یا اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert