ملک کے معروف و سینئر اداکار رشید ناز انتقال کرگئے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) ملک کے معروف و سینئر اداکار رشید ناز انتقال کرگئے، پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار کافی عرصے سے علیل تھے اوراسلام آباد کے ایک ہسپتال میں زیرعلاج تھے جہاں وہ 73 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے ، مرحوم کی نماز جنازہ فقیرآباد عیدگاہ میں سہ پہر 3 بجے ادا کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق آج صبح رشید ناز کی بہو اور اداکارہ مدیحہ رضوی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ ہمارے پیارے بابا رشید ناز آج صبح اس دنیا سے رخصت ہو گئے ، مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لیے سورہ فاتحہ ضرور پڑھیں۔

رشید ناز 9 ستمبر 1948 کو خیبرپختون خوا میں پیدا ہوئے ، انہوں نے 1971 میں پشتو ڈرامے میں بطور اداکار اپنے ٹیلی ویژن کیریئر کا آغاز کیا جس کے بعد انہوں نے بے شمار فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ، رشید ناز نے کئی پشتو ، ہندکو اور اردو زبان کے ڈراموں میں کام کیا ، ان کا پہلا اردو ڈرامہ ’ایک تھا گاؤں‘ 1973 میں نشر ہوا جب کہ ان کا پہلا مقبول ڈرامہ ’ناموس‘ تھا ، مرحوم نے پاکستان کے پہلے نجی ٹیلی ویژن کے ڈرامے ’دشت‘ میں بھی کام کیا۔

رشید ناز نے اپنے فلمی کریئر کا آغاز 1988 میں اپنی پہلی پشتو فلم ’زما جنگ ‘میں اداکاری سے کیا ، ان کی پہلی اردو فلم سید نور کی ’ڈکیت‘ تھی ، انہوں نے شعیب منصور کی مشہور فلم ’خدا کے لیے‘ میں بھی کام کیا ، رشید ناز نے شعیب منصور کے ایک معروف ویڈیو گانے ’عشق محبت اپنا پن‘ میں ایمان علی کے ساتھ بھی اداکاری کی جب کہ ان کی مشہور فلموں میں کراچی سے لاہور ، ورنہ ، خدا کے لیے اور دیگر شامل ہیں ، اس کے علاوہ انہوں نے خدا زمین سے گیا نہیں ، انکار ، انوکھی ، اپنے ہوئے پرائے ، غلام گردش ، دوسرا آسمان ، ناموس ، پتھر اور آن سمیت دیگر کئی ڈراموں میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا جن کی وجہ سے وہ شائقین کے دلوں مین مدتوں زندہ رہیں گے۔

 
 
 
 
 
View this post on Instagram
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Madiha Rizvi Official (@diyariz)