نوشکی میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں پر حملہ، وزیرداخلہ بلوچستان کی شدید مذمت


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے نوشکی میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیرداخلہ بلوچستان نے آئی جی پولیس اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سے نوشکی میں پیش آنے والے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دلی دکھ اور افسوس ہے۔ حکومت بلوچستان شہید اہلکاروں کے اہلخانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانا صرف سکیورٹی اہلکاروں پر حملہ نہیں بلکہ بلوچستان کے بچوں کے محفوظ اور صحت مند مستقبل پر حملہ ہے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ دراصل بلوچستان کے بچوں کو محفوظ، صحت مند اور روشن مستقبل دینے کی جنگ ہے۔ پولیو ورکرز اور پولیس اہلکار اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر بچوں کو معذوری سے بچانے کے لیے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے بچوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانے کی کوششوں کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ حکومت بچوں کی صحت اور سلامتی کے لیے جاری اقدامات کو ہر صورت جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان بچوں کو پولیو سمیت تمام موذی بیماریوں سے محفوظ رکھنے اور انہیں ایک پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ پولیو کے خاتمے کے لیے کام کرنے والے ورکرز اور ان کی حفاظت پر مامور اہلکاروں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

WhatsApp
Get Alert