پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 70 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 12 پیسے فی لیٹر سستا کردیا گیا۔ پیٹرول کی نئی قیمت 392 روپے 5 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 418 روپے 96 پیسے مقرر کردی گئی۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ دوسری جانب سعودی عرب سے بحیرہ احمر کے راستے پاکستان کیلئے خام تیل کی ترسیل دوبارہ شروع ہوگئی ہے، جس کے بعد ملک میں تیل کی ممکنہ قلت سے متعلق خدشات میں کمی آئی ہے۔ عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈرون حملوں کے باعث سعودی عرب کی اہم ایسٹ ویسٹ پائپ لائن 13 ستمبر کو بند کردی گئی تھی، جس کے نتیجے میں بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ینبع کی بندرگاہ سے خام تیل کی لوڈنگ بھی متاثر ہوئی تھی۔
تاہم اب پائپ لائن کو دوبارہ فعال کردیا گیا ہے اور پاکستان کیلئے تیل کی فراہمی بحال ہوگئی ہے۔ سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن ملک کے مشرقی علاقوں میں موجود تیل کے ذخائر سے خام تیل کو ینبع کی بندرگاہ تک پہنچاتی ہے۔ اس راستے کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کیونکہ اس کے ذریعے آبنائے ہرمز کو استعمال کیے بغیر تیل عالمی منڈیوں تک پہنچایا جاسکتا ہے۔
ینبع سے پاکستان آنے والے آئل ٹینکر بحیرہ احمر سے ہوتے ہوئے باب المندب اور پھر بحیرہ عرب میں داخل ہوتے ہیں۔ نیشنل ریفائنری لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو اسد حسن نے عرب نیوز کو بتایا کہ پاکستانی ریفائنریز کو ینبع سے تیل کی سپلائی دوبارہ شروع ہونے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک پاکستانی ریفائنری کیلئے خام تیل کی کھیپ کی لوڈنگ بھی شروع ہوچکی ہے اور منگل کی رات 9 بجے تک اس کی لوڈنگ مکمل ہونے کی توقع ہے۔ تاہم انہوں نے متعلقہ ریفائنری، تیل کی مقدار، جہاز یا پاکستان پہنچنے کی متوقع تاریخ سے متعلق تفصیلات نہیں بتائیں۔
