27 ستمبر کے احتجاج میں تحریک انصاف کے شانہ بشانہ ہوں گے، ملک بھر میں کارکنان احتجاج کامیاب بنائیں: پشتونخواملی عوامی پارٹی
عمران خان، ان کی ہمشیرگان، پی ٹی آئی رہنماؤں، علی وزیر اور ماہ رنگ بلوچ کی گرفتاریوں اور اذیت رسانی کی شدید مذمت

مسلط غیر منتخب حکومت نے ملکی اداروں کو مفلوج اور آئین و جمہوریت کا وقار ملیامیٹ کر دیا ہے، نئے اور شفاف انتخابات کا اعلان کیا جائے: مرکزی پریس ریلیز
کوئٹہ (ڈیلی قدرت) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے پریس ریلیز میں 27ستمبر کے احتجاج کو ملک میں سیاسی جمہوری اور آئینی آزادیاں، جمہوری سیاسی اصولوں کی مسلسل پائمالی اور پاکستان کے 8فروری 2024کے انتخابات کو واضح اکثریت سے جیتنے والی پارٹی پی ٹی آئی کے لیڈرعمران خان کو مسلسل جیل میں رکھنے اور اب سیاسی جمہوری احتجاج پر ان کے بہنوں،تحریک انصاف کے ایم پی ایز، ایم این ایز، سینیٹرز ودیگر منتخب اداروں اور سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کرکے انہیں اذیتیں پہنچانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 27ستمبر 2026 کو پارٹی احتجاج میں تحریک انصاف کے ساتھ ہوگی اور پارٹی تمام ملک میں کارکنوں کو ہدایت کرتی ہے کہ وہ تحریک انصاف کے ساتھ ملکر احتجاج کو کامیاب بنائیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک پر مسلط غیر منتخب حکومت کے ہاتھوں ملک کے تمام ادارے مفلوج ہوگئے ہیں، سیاسی عدم استحکام سے انتشار، سخت ترین بدامنی اور دہشت گردی جاری ہے۔ مہنگائی، بیروزگاری اپنے عروج پر ہیں، ملک میں آئین جمہوریت اور پارلیمنٹ کا وقار ملیامٹ کیا گیا ہے۔ عدلیہ اور میڈیا کی آزادی ختم ہوگئی ہے، ملک کے اس شدید بحرانی حالت میں تحریک انصاف اور تمام سیاسی جمہوری پارٹیوں کا فرض ہے کہ وہ اپنی سیاسی جمہوری کردار ادا کرتے ہوئے مل بیٹھ کر ملک کے بحرانوں کا خاتمہ کریں اور اس سلسلے میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کا رول اہمیت کا حامل ہوگا۔ اور انہوں نے بھی سیاسی جمہوری پارٹیوں کو اکٹھا کرنا ہوگا، اور اُنہیں احتجاج میں شامل کرنا ہوگا۔
بیان کے آخر میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عمران خان، ان کی بہنیں، علی وزیر، ماہ رنگ بلوچ و دیگر تمام سیاسی کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے۔ مسلط غیر منتخب نااہل، ناکام حکومت کا فوری خاتمہ ہو اور نئے سرے سے غیر جانبدارانہ آزاد الیکشن کمیشن کے ذریعے صاف شفاف انتخابات کا اعلان ہو۔ پارٹی امید کرتی ہے کہ ملک کی بحرانی صورتحال میں سیاسی جمہوری پارٹیاں اپنے جمہوری کردار سے مل بیٹھ کر مسائل کا سیاسی جمہوری و آئینی حل نکالیں گی۔
