متحدہ عرب امارات میں اکتوبر کے مہینے کیلئے نئی پیٹرولیم قیمتوں کا اعلان


ابوظہبی (قدرت روزنامہ) متحدہ عرب امارات نے اکتوبر 2026ء کے مہینے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے فی لیٹر قیمت 4 درہم سے زائد کردی، جو گزشتہ 4 سالوں میں تیل کی بلند ترین قیمت ہے، مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی کے باعث ایندھن کی قیمتوں میں 16 فیصد سے زائد کا اضافہ کیا گیا ہے۔
خلیجی میڈیا کے مطابق بدھ کے روز یو اے ای فیول پرائس کمیٹی نے اکتوبر 2026ء کے لیے پیٹرول کی نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان کردیا، نئی قیمتوں کے تحت سپر 98 پیٹرول کی قیمت 3.80 درہم سے بڑھا کر 4.40 درہم فی لیٹر، اسپیشل 95 کی قیمت 3.69 درہم سے بڑھا کر 4.28 درہم فی لیٹر، ای پلس 91 کی قیمت 3.61 درہم سے بڑھا کر 4.21 درہم فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، تمام کیٹیگریز میں فی لیٹر 60 فلس کا بڑا اضافہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں فروری 2022ء میں روس یوکرین جنگ کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پیٹرول کی قیمتیں 4 درہم فی لیٹر سے تجاوز کرگئی ہیں، اس سے قبل جولائی 2022ء میں پیٹرول کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچی تھیں، اس وقت عالمی مارکیٹ میں ایندھن کی اس گرانی کی بنیادی وجہ امریکہ اور ایران کے درمیان سنگین تناؤ اور آبنائے ہرمز کی بندش کے خدشات ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ ستمبر 2026ء کے دوران عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل مسلسل 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر فروخت ہوتا رہا، بدھ کی صبح برینٹ کی قیمت 102.80 ڈالر اور امریکی ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 89.28 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر عائد پابندیاں نرم کرنے کی تردید اور کشیدگی کے باعث منڈیوں میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے، جس نے عالمی سطح پر افراطِ زر کے دباؤ میں اضافہ کردیا۔

WhatsApp
Get Alert