بدامنی اور شاہراہوں پر گاڑیوں کو جلانے کے پے در پے واقعات: سرمایہ کار بلوچستان چھوڑنے پر مجبور ہو گئے حکومت سازگار ماحول فراہم کرنے میں ناکام، ٹرانسپورٹرز اور تاجر شدید خطرات کی زد میں ہیں : پشتونخوا ملی عوامی پارٹی


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالرحیم زیارتوال، نواب ایاز خان جوگیزئی، عبدالقہار خان ودان اور دیگر رہنماں نے کہا ہے کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی بلوچستان میں شعبہ صنعت و تجارت اور ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد کے ساتھ ہر مشکل وقت میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں بلوچستان میں کاروبار کرنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے، جبکہ امن و امان کی صورتحال نے کاروباری سرگرمیوں کو شدید متاثر کیا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کیا۔ پارٹی رہنماں نے نومنتخب صدر احمد گل کاکڑ، سینئر نائب صدر مرزا خان خلجی، نائب صدر جنگیان دشتی اور دیگر عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ بلوچستان کی بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماں نے کہا کہ کسی بھی ملک، ریاست اور صوبے کی معیشت میں بزنس کمیونٹی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ تاجروں، صنعتکاروں اور ٹرانسپورٹرز کے لیے سازگار ماحول پیدا کیے بغیر معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا مشکل ہے، اس لیے حکومت، سیاسی جماعتوں اور متعلقہ اداروں کو کاروباری طبقے کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔اس موقع پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے نومنتخب صدر احمد گل کاکڑ اور سینئر نائب صدر مرزا خان خلجی نے کہا کہ مشکل حالات میں صوبے کی بزنس کمیونٹی کی جانب سے اعتماد کا اظہار حوصلہ افزا ہے اور وہ اس اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔احمد گل کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کی بزنس کمیونٹی کو اس وقت امن و امان کی صورتحال، شاہراہوں پر مال بردار گاڑیوں کی نقل و حمل میں رکاوٹوں اور ٹرانسپورٹرز کو درپیش سکیورٹی مسائل سمیت متعدد مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق شاہراہوں پر مال بردار گاڑیوں کو نذر آتش کرنے اور ان کے مالکان و ڈرائیوروں پر حملوں کے واقعات نے کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کو متاثر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان حالات کے باعث بعض سرمایہ کار بلوچستان کے بجائے دیگر صوبوں میں کاروبار کو ترجیح دے رہے ہیں، جس سے صوبے کی معیشت اور کاروباری سرگرمیوں پر اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ تاجر رہنما نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور حکومت کو کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔احمد گل کاکڑ نے کہا کہ چیمبر کی نومنتخب قیادت کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کرے گی اور تاجروں، صنعتکاروں اور ٹرانسپورٹرز کے مسائل کو صوبائی و وفاقی حکام تک مثر انداز میں پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کاروباری طبقے کی آواز بن کر ہر ممکن فورم پر مسائل کے حل کے لیے آواز اٹھائے گا تاکہ بلوچستان میں کاروباری سرگرمیوں کی بحالی، سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعت و تجارت کو درپیش رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جاسکیں۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماں عبدالرحیم زیارتوال، نواب ایاز خان جوگیزئی، عبدالقہار خان ودان اور دیگر نے نومنتخب چیمبر عہدیداران کو دوبارہ مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی مشکل کی ہر گھڑی میں بزنس کمیونٹی کے شانہ بشانہ موجود رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقے کے مسائل کے حل، امن و امان کی بہتری اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سیاسی و کاروباری قیادت کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔

WhatsApp
Get Alert