4 اکتوبر کو لانگ مارچ دھوم دھام سے نکلے گا، آج رات آپ کو پلان دے دیا جائےگا، سہیل آفریدی

پشاور (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 4 اکتوبر کو لانگ مارچ دھوم دھام سے نکلے گا، آج رات آپ کو پلان دے دیا جائےگا، ہم پوری دنیا کو پیغام دیں گے کہ یہ غیرت مند پشتون عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، گھروں سے تیار ہو کر نکلنا ہے، پُرامن رہنا ہے اور کسی کو انتشار نہیں کرنے دینا۔
انہوں نے فنڈ ریزنگ کے مہم کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ آپ نے خود لڑنی ہے، اس جنگ میں ہر پاکستانی نے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ ممکن ہے ہم آپ کے لیے ٹرانسپورٹ، واش رومز یا خوراک کا مکمل بندوبست نہ کر پائیں، اس لیے آپ نے اپنے گھروں سے تیار ہو کر نکلنا ہے۔ ان شاء اللہ یہ جدوجہد ہے، آپ نے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہے۔
کسی ظالم کو روکنا سب سے بڑی جدوجہد ہے۔
ہمیں اس ظلم کے خلاف نکلنا ہے جو پاکستان میں انصاف کا قتل عام کر رہا ہے، لوگوں کی چادر اور چار دیواری پامال کر رہا ہے اور خواتین و بچوں کو گرفتار کر رہا ہے۔ ان شاء اللہ ہمارا لانگ مارچ پرامن ہوگا۔ ہم نے نہتے آنا ہے، اپنے ہاتھوں اور پاؤں کے ساتھ آنا ہے اور اپنی زبان سے حق کی آواز بلند کرنی ہے۔ کسی بھی قسم کا انتشار نہیں ہونے دینا، اگر کوئی انتشار پھیلانے کی کوشش کرے تو اسے پولیس کے حوالے کرنا ہے۔
ان شاء اللہ اس بار جیت حق اور سچ کی ہوگی، عمران خان کی ہوگی، پاکستان تحریک انصاف کے کارکن کی ہوگی، نوجوانوں کی ہوگی اور پاکستان کی ہوگی۔ وزیراطلاعات شفیع جان کے ایکس کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ میں فنڈ ریزنگ کے موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب سے فنڈ ریزنگ کا آغاز کیا ہے تو اب تک 4 کروڑ روپے سے زائد رقم جمع ہو چکی ہے۔
فنڈ ریزنگ مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ فنڈ ریزنگ مہم کل بھی جاری رہے گی، 4 اکتوبر کو گنڈی چوک لکی مروت سے لانگ مارچ کا آغاز کریں گے، 6 اکتوبر رات کو متنی ( پشاور ) پہنچیں گے ، آج رات آپ کو پلان دے دیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کا پی ٹی آئی سیکرٹریٹ میں فنڈ ریزنگ کے موقع پر کارکنان سے خطاب
جب سے فنڈ ریزنگ کا آغاز کیا ہے تو اب تک 4 کروڑ روپے سے زائد رقم جمع ہو چکی ہے ، سہیل آفریدی
فنڈ ریزنگ مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، سہیل آفریدی… pic.twitter.com/zwWOntS4GZ
— Shafi Jan (@ShafiJanPTI) October 2, 2026
4 اکتوبر کو لانگ مارچ دھوم دھام سے نکلے گا، ساوتھ ریجن کے غیرت مند پشتون لاکھوں کی تعداد میں نکلیں گے۔
یہ صرف عمران خان کی رہائی کی بات نہیں بلکہ نوجوانوں کے مستقبل، امن اور ترقی کی بات ہے۔ 4 تاریخ کو پوری دنیا کو پیغام دیں گے کہ یہ غیرت مند پشتون عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ ساؤتھ ریجن کے غیرت مند پشتون نکلیں اور حکمرانوں کی نیندیں حرام کر دیں۔ یہ جنگ عوام نے خود لڑنی ہے ، عوام نے گھروں سے تیار ہو کر نکلنا ہے۔ جو ظلم کررہا ہے ہم نے اس ظالم کے خلاف لڑنا ہے۔ ہم نے حق کا علم بلند کرنا ہے ، پر امن رہنا ہے اور کسی کو انتشار نہیں کرنے دینا۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ اس بار جیت نوجوانوں کی ہوگی ، عام عوام کی جیت ہوگی۔
