بہادر شاہ ظفر نہ بنیں، خود کو ٹیپو سلطان بنائیں! سہیل آفریدی کا مصلحت کی تجویز پر جواب
سٹبلشمنٹ کے ٹٹو نہ بنیں عمران خان کے نظریے پر عمل کریں، وزیراعلیٰ کی پارٹی کے کور و سیاسی کمیٹی اجلاس میں گفتگو

پشاور(قدرت روزنامہ)خیبر پختونخواہ کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی جانب سے پی ٹی آئی کے کور اور سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے دوران سخت گیر مؤقف اپناتے ہوئے مصلحت کی روش اپنانے والوں کو دوٹوک الفاظ میں جواب دیئے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
صحافی محمد فہیم کی خبر کے مطابق اجلاس میں جب بعض ارکان کی جانب سے مصالحتی راستہ اختیار کرنے اور خون ریزی یا تصادم سے بچنے کی تجاویز پیش کی گئیں تو اس پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر شاہ ظفر نہ بنیں، خود کو ٹیپو سلطان بنائیں، اسٹیبلشمنٹ کے ٹٹو نہ بنیں، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے نظریے اور اصولوں پر مکمل عمل کریں۔
بہادر شاہ ظفر نہ بنیں خود کو ٹیپو سلطان بنائیں
سٹبلشمنٹ کے ٹٹو نہ بنیں عمران خان کے نظریے پر عمل کریںوزیراعلی سہیل آفریدی کا کور و سیاسی کمیٹی اجلاس میں مصلحت کی تجویز دینے والوں کو جواب pic.twitter.com/3cHXmEM33w
— Muhammad Faheem (@MeFaheem) October 3, 2026
ذرائع کا بتانا ہے کہ بحث کے بعد اجلاس کے دوران خون ریزی اور کسی بھی ناخوشگوار تصادم سے بچنے کی تجویز پر غور کیا گیا، جس پر وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے بالآخر ایک رکن کی اس محتاط تجویز سے اتفاق کرلیا کہ صوابی میں بڑے پیمانے پر شو آف پاور کی جائے تاکہ کارکنوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
علاوہ ازیں سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں سہیل آفریدی نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول سیاسی جماعت ہے اور آئینِ پاکستان ہر شہری کو پرامن احتجاج کا بنیادی حق دیتا ہے، 4 اکتوبر کو دن ایک بجے گنڈی چوک لکی مروت سے عوام کا سمندر اپنا سفر شروع کرے گا جو آئین، قانون کی بالادستی اور آزاد عدلیہ کی بحالی تک جاری رہے گا۔
ہم پاکستان کی سب سے بڑی اور سب سے مقبول سیاسی جماعت ہیں۔ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے، جس کا آئین ہمیں پُرامن احتجاج کا حق دیتا ہے۔
4 اکتوبر کو گنڈی چوک، لکی مروت سے عوام کا سمندر اپنا سفر شروع کرے گا اور پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی اور آزاد عدلیہ کی بحالی تک اپنی جدوجہد…
— Sohail Afridi (@SohailAfridiISF) October 3, 2026
مذاکرات کی فضا پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے مطالبات مکمل طور پر آئینی اور قانونی ہیں، لیکن بانی پی ٹی آئی عمران خان، ان کے اہل خانہ اور کارکنوں کو ان کے جائز قانونی حقوق سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے، ملک میں اس وقت جو لوگ اقتدار سے چمٹے ہوئے ہیں انہیں پاکستانی عوام سے خطرہ ہے اور وہ اپنے اقتدار کو بچانے کے لیے ملک میں آگ لگا رہے ہیں۔
