اسلام آباد میں کوئی سڑک بند نہیں، کنٹینرز شہریوں کے تحفظ کیلئے رکھے ہیں، وزارت اطلاعات

غیرملکی نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹنگ یکطرفہ، گمراہ کن اور منفی تاثر پیدا کرنے کی کوشش قرار دے دی گئی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزارتِ اطلاعات و نشریات نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی سڑکوں کی بندش سے متعلق غیر ملکی نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹنگ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے غلط، گمراہ کن اور منفی پروپیگنڈا قرار دے دیا۔
تفصیلات کت مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وزارتِ اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کوئی بھی سڑک بند نہیں کی گئی، اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں صرف مختلف حساس مقامات پر عارضی طور پر کنٹینرز رکھے گئے ہیں۔


ترجمان وزارتِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ یہ حفاظتی اقدامات ماضی کے پرتشدد احتجاجی واقعات، انتشار انگیز رویوں اور امن و امان کی نازک صورتِ حال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کیے گئے ہیں، ان اقدامات کا بنیادی مقصد وفاقی دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنا اور عام شہریوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے، جو کہ ریاست کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے اور یہ تمام اقدامات عدالتی تناظر میں اٹھائے گئے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غیر ملکی نشریاتی ادارے نے ان حفاظتی اقدامات کو حقائق کے منافقانہ انداز میں محض سڑکوں کی بندش کے طور پر پیش کیا اور زمینی حقائق کو یکسر نظرانداز کیا، حقیقت یہ ہے کہ تمام اہم سڑکیں ٹریفک کے لیے مکمل طور پر کھلی ہیں، غیرملکی نشریاتی ادارے کی اس رپورٹنگ یکطرفہ اور منفی تاثر پیدا کرنے کی مذموم کوشش ہے، اس طرح کے بے بنیاد پروپیگنڈے سے حقائق کو ہرگز تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔

WhatsApp
Get Alert