پی ٹی آئی کا لانگ مارچ شروع؛ محسن نقوی نے پشاور میں ڈیرے ڈال دیئے


پشاور (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی ہنگامی دورے پر پشاور پہنچ گئے، گورنر ہاؤس میں گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی کے ساتھ مشاورتی اجلاس کا دائرہ کار مزید وسیع کرتے ہوئے صوبے کی اعلیٰ ترین سکیورٹی قیادت کو بھی طلب کرلیا گیا۔
بحوالہ ذرائع میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات کے دوران صورتِ حال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخواہ پولیس ذوالفقار حمید کو بھی فوری طور پر گورنر ہاؤس طلب کیا گیا، جبکہ صوبے کے چیف سیکریٹری شہاب علی شاہ اور آئی جی ایف سی پہلے ہی اس اہم مشاورتی اجلاس میں موجود ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ یہ ہنگامی مشاورت ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ایک طرف وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخواہ سہیل آفریدی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا لانگ مارچ لکی مروت سے آگے اپنی پہلی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے، دوسری طرف وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کے بعد لفظی جنگ اور محاذ آرائی عروج پر ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران محسن نقوی نے مذاکرات کی ناکامی کا براہِ راست ذمہ دار وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی کو قرار دیا تھا، اور اب پشاور میں گورنر ہاؤس کے اس اعلیٰ سطح کے سکیورٹی اجلاس میں وفاق اور صوبے کے درمیان آئندہ کے لائحہ عمل، امن و امان کی صورتِ حال اور لانگ مارچ کو روکنے کے لیے سخت انتظامی و سیکیورٹی فیصلوں پر غور کیا جا رہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert