محسن نقوی کی گورنر خیبرپختونخوا سے اہم ملاقات، صوبےکو دہشتگردی سے بچانےکیلئے آئینی کردار ادا کرنے پر اتفاق


پشاور (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی گورنر ہاؤس پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے اہم ملاقات ہوئی جس میں صوبے کو دہشت گردی سے بچانے کے لیے آئینی کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
محسن نقوی کی گورنر ہاؤس پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں چیف سیکرٹری اور آئی جی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر غور کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں گورنر اور وفاقی وزیرداخلہ کی صوبے کی سیاسی و سکیورٹی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔گورنر و وزیرداخلہ نے صوبےکو دہشت گردی سے بچانےکے لیے آئینی کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں اتفاق ہوا کہ صدر اور وزیراعظم گورنر راج یا ایمرجنسی ضروری سمجھیں تو گورنر ہاؤس آئینی کردار ادا کرےگا۔
اعلامیے میں کیا گیا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں سرکاری ہیلی کاپٹر اور وسائل کا استعمال عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی ہوگی۔
آئی جی کی وفاقی وزیرداخلہ کو صوبےکی صورتحال پر بریفنگ
ذرائع کے مطابق آئی جی خیبرپختونخوا نے وفاقی وزیرداخلہ کو صوبےکی صورتحال پر بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں غیریقینی صورتحال پر پولیس الرٹ ہے، مختلف اضلاع سے پولیس اہلکار پولیس لائنزطلب کرلیےگئے ہیں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنےکی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert