راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میچز، جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس معطل

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری سہ ملکی ون ڈے سیریز میں شریک کرکٹ ٹیموں کی آمدورفت کے باعث جڑواں شہروں کے درمیان میٹرو بس سروس معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میٹرو بس ذرائع کے مطابق صدر سے پاک سیکریٹریٹ کے درمیان میٹرو بس سروس 13 نومبر تک معطل رہے گی۔ سروس کی معطلی کا فیصلہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کرکٹ میچز کے دوران میٹرو بس کے ختمِ نبوت، آئی جے پی اور سکسٹھ روڈ اسٹیشنز بھی بند رہیں گے۔
دوسری جانب اسلام آباد ٹریفک پولیس نے سری لنکن کرکٹ ٹیم کی نقل و حرکت کے پیش نظر اتوار کے لیے خصوصی ٹریفک ایڈوائزری بھی جاری کردی ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ٹیم کی آمدورفت کے دوران سری نگر ہائی وے کے مختلف مقامات پر ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب موڑا جائے گا، جس کے باعث بعض مقامات پر عارضی طور پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کرکٹ ٹیم کی نقل و حرکت کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ممکنہ ٹریفک دباؤ سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں۔
ٹریفک پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ ٹیموں کی آمدورفت کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جاسکے۔
