کراچی: گڈاپ فارم ہاؤس سے 50 سے زائد لڑکیوں کے موبائل فون چوری کرنے کے کیس میں اہم پیشرفت

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے نواحی علاقے گڈاپ کے فارم ہاؤس سے 50 سے زائد لڑکیوں کے موبائل فون چوری کرنے کے کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ ہفتے گڈاپ کے علاقے میں قائم فارم ہاؤس میں ملازمت کے لیے لائی گئی لڑکیوں سے موبائل فون چوری میں ملوث مرکزی ملزم کے دو سگے بھائیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ مرکزی ملزم کی لوکیشن بھی ٹریس کرلی گئی، واقعے کے بعد ملزم کے اصل موبائل نمبر کی لوکیشن گوجرانوالہ سے ٹریس ہوئی، مرکزی ملزم کے چار بھائیوں میں سے دو کو حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس نے زیر حراست بھائیوں کی مدد سے مرکزی ملزم سے فون پر گفتگو بھی کی، فون پر گفتگو میں ملزم نے اپنی موجودگی کشمیر میں ظاہر کی۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ مرکزی ملزم کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی میں موبائل فون چوری کرکے فرار ہونے کی انوکھی واردات پیش آئی تھی جس میں ایونٹ آرگنائزر ملازمت کے لیے بلائی گئی 50 سے زائد خواتین کے درجنوں موبائل فونز لے کر فرار ہوگیا۔
