مدینہ جانے سے روک کر ائیرپورٹ پر دہشت گرد قرار دیا گیا، میرا استحقاق مجروح ہوا: اپوزیشن رکن اسمبلی زابد ریکی پھٹ پڑے
ایڈیشنل سیکرٹری ہوم نے پاسپورٹ بلاک کیا اور فون تک نہیں سنتے، کالعدم تنظیموں سے تعلق کے ثبوت ہیں تو ایوان میں لائے جائیں: اسمبلی میں سخت احتجاج

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان صوبائی اسمبلی کے جاری اجلاس میں اپوزیشن رکن صوبائی اسمبلی زابد ریکی نے پوائنٹ آف آرڈر پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ مدینہ منورہ جانے کے لیے ائیر پورٹ پہنچے تو ایف آئی اے حکام نے انہیں روک لیا اور دہشت گرد قرار دیا۔
ایوان میں شدید احتجاج کرتے ہوئے زابد ریکی نے کہا کہ پوچھ گچھ اور معلومات کرنے پر معلوم ہوا کہ ایڈیشنل سیکرٹری ہوم حمزہ شفقات نے ان کا پاسپورٹ بلاک کر رکھا ہے اور ان کا نام ای سی ایل اور پی سی ایل میں شامل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس سلسلے میں ایڈیشنل سیکرٹری ہوم حمزہ شفقات کو فون بھی کیا لیکن انہوں نے فون تک اٹھانا گوارا نہیں کیا۔
اپوزیشن رکن نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پتا نہیں میں نے کون سا گناہ کیا ہے، میں نے تو ہمیشہ صرف صوبے اور عوام کے حقوق کی بات کی ہے۔ انہوں نے تلخ حقیقت بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب اپنے حلقے واشک جاتے ہیں تو دہشت گرد پیچھے پڑے ہوتے ہیں اور جب دارالحکومت کوئٹہ آتے ہیں تو ہمیں خود دہشت گرد قرار دے دیا جاتا ہے۔
انہوں نے استفسار کیا کہ واضح کیا جائے میرا کس کالعدم تنظیم سے تعلق ہے؟ ایک منتخب عوامی نمائندے کو دہشت گرد قرار دے کر استحقاق مجروح کیا گیا ہے۔ زابد ریکی نے مطالبہ کیا کہ اگر میرے خلاف کوئی ثبوت موجود ہیں تو وہ سامنے لائے جائیں، اور ایوان ایڈیشنل سیکرٹری ہوم حمزہ شفقات کو طلب کر کے ان سے اس اقدام کے ثبوت مانگے۔
