شرپسند عناصر وزیراعلیٰ کی مقبولیت سے خائف ہو کر گھٹیا حرکتوں پر اتر آئے ہیں، آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے: معاون داخلہ بابر یوسفزئی

جناح پیپلز ٹرین عوامی سہولت کا اہم منصوبہ ہے، نقصان پہنچانے والوں کے خلاف مقدمات درج کر کے سخت ترین کارروائی ہوگی


صوبے میں ترقی اور عوامی سہولت کے منصوبوں کو سبوتاژ کرنے والوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی
کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ جناح پیپلز ٹرین عوام کی ملکیت اور عوامی سہولت کا منصوبہ ہے، اسے نقصان پہنچانے یا خطرے میں ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جناح پیپلز ٹرین کو نقصان پہنچانے یا خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، عوامی سہولت کے منصوبے کو نقصان پہنچانا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔بابر یوسفزئی نے کہا کہ جناح پیپلز ٹرین عوام کے لیے ہے، عوام اس سے مستفید ہوں اور اسے نقصان پہنچانے کی کوشش نہ کریں، ٹرین کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف مقدمات درج کرکے قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی مقبولیت سے خائف ہیں، اسی لیے گھٹیا حرکتوں پر اتر آئے ہیں، عوامی منصوبوں کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے گرد قانون کا شکنجہ مزید سخت کیا جائے گا۔معاون برائے داخلہ نے کہا کہ جناح پیپلز ٹرین عوامی سہولت اور بلوچستان کے عوام کے لیے ایک مثبت قدم ہے، اس میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ شرپسند عناصر سن لیں، عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا قانون کے مطابق جواب دیا جائے گا، بلوچستان میں امن، ترقی اور عوامی سہولت کے منصوبوں کو سبوتاڑ کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

WhatsApp
Get Alert