شہریوں کے لئے بڑی سہولت! اب پاسپورٹ، شناختی کارڈ اور ڈومیسائل بنوانا آسان ہوگا؟


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی ‘آسان خدمت مراکز’ قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، جس کے تحت نادرا، پاسپورٹ، ڈومیسائل سمیت دیگر سہولیات ایک چھت تلے ملیں گی۔
وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سینیٹر احد چیمہ کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں آسان خدمت مراکز کے قیام اور ملک کے دیگر شہروں میں ان کے دائرہ کار کی توسیع کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی، سیکرٹری مواصلات علی شیر مسعود، اے جے کے اور جی بی کے چیف سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز کو وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق مراکز کے قیام کے لیے ٹینڈرنگ کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت مطلوبہ فنڈز فراہم کرے گی، دونوں چیف سیکریٹریز نے ٹینڈرنگ کا عمل آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اجلاس میں آسان خدمت مراکز کی توسیع کے لیے ہائبرڈ، مکمل نجی اور حکومتی ماڈلز پر بھی غور کیا گیا اور وفاقی وزیر نے ان ماڈلز کی فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کرکے تجاویز وزیراعظم کو پیش کرنے کی ہدایت کی۔
احد چیمہ نے کہا کہ مراکز میں خدمات فراہم کرنے والے محکموں، جن میں نادرا اور امیگریشن و پاسپورٹس ڈیپارٹمنٹ شامل ہیں، سے آپریشنل اخراجات میں حصہ لینے کے لیے ریونیو شیئرنگ کا طریقہ کار بھی دیکھا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نجی شعبے کی شمولیت کی صورت میں ایسا نظام بنایا جائے جس کے تحت شہریوں پر اضافی اخراجات کا بوجھ نہ ڈالا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ آسان خدمت مراکز کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے اور اس کی لاگت عوام پر منتقل نہیں ہونی چاہیے۔
اجلاس میں مختلف شہروں میں مرکزی مقامات پر موجود پوسٹ آفسز اور دیگر سرکاری عمارتوں کو آسان خدمت مراکز کے لیے استعمال کرنے کے امکان کا بھی جائزہ لیا گیا، تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
پاکستان آسان خدمت مرکز کیا ہے؟
آسان خدمت مرکز ایک ‘ون اسٹاپ’ سہولت ہے جہاں شہریوں کو 60 سے زائد سرکاری خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جاتی ہیں۔ ان میں نادرا، پاسپورٹ، ڈومیسائل، نکاح نامہ، پیدائش اور موت کے سرٹیفکیٹ کی سہولیات شامل ہیں۔

WhatsApp
Get Alert