ایران امریکا کشیدگی، روس نے جنگ بندی کے لیے تہران کو ثالثی کی پیشکش کر دی

ماسکو(قدرت روزنامہ) روس نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتی کردار ادا کرنے کی پیشکش کردی ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایرانی قیادت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ماسکو تنازع کے سفارتی حل کیلئے تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔
روسی اور ایرانی صدور کے درمیان ٹیلیفونک رابطے میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور خطے کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر پیوٹن نے کہا کہ روس ایران کے ساتھ جامع اسٹریٹیجک شراکت داری کے معاہدے کے تحت تعاون جاری رکھے گا۔

روسی صدر نے ایران کے خلاف جارحیت کے دوران ایرانی عوام کے عزم کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ثابت قدمی نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کی ہے۔

پیوٹن نے ثالثی کرنے والے ممالک کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ روس بھی مسئلے کا ایسا حل چاہتا ہے جو سفارت کاری کے ذریعے نکالا جائے اور ماسکو اس مقصد کیلئے اپنا کردار ادا کرنے اور ضروری معاونت فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کابینہ اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ایران کو مختلف محاذوں سے مکمل جنگ کا سامنا ہے، تاہم ملک اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے مذاکرات کی کوششیں جاری رکھنے کے ساتھ مزاحمت بھی جاری رکھے گا۔

پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم کو داخلی صلاحیتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے باہمی تعاون مزید بڑھانا ہوگا۔ ان کے مطابق ایران اپنے مؤقف پر قائم رہے گا اور بالآخر مخالف فریق کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

WhatsApp
Get Alert