سرکاری حج اسکیم میں درخواست جمع کرانے والے عازمین کے لئے اہم خبر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سرکاری حج اسکیم کے تحت دوسری قسط کی ادائیگی کی حتمی تاریخ 20 اکتوبر مقرر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت حج واجبات کی دوسری قسط کی وصولی جاری ہے اور اب تک 32 ہزار 178 سرکاری عازمین حج دوسری قسط کی ادائیگی مکمل کرچکے ہیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ 17 ہزار عازمین نے ون لنک کے ذریعے گھر بیٹھے دوسری قسط جمع کرائی، جبکہ 1 ہزار 400 افراد نے بینک کارڈ اور 13 ہزار 800 عازمین نے مینول بینک چالان کے ذریعے ادائیگی کی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن ادائیگی کا تناسب 57 فیصد سے تجاوز کرگیا، جبکہ حج واجبات کی دوسری قسط کی مد میں اب تک 20.5 ارب روپے وصول ہوچکے ہیں۔
وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت دوسری قسط کی ادائیگی کی حتمی تاریخ 20 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔
عازمین حج واجبات نیشنل آئی ٹی بورڈ کے حج پورٹل کے ذریعے ون لنک، کارڈ یا مینول بینک چالان سے ادا کرسکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے 1 لاکھ 3 ہزار عازمین میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ ایپ پر اپنے سرٹیفکیٹس اپ لوڈ کرچکے ہیں، جبکہ باقی عازمین کے لیے حج پورٹل پر موجود میڈیکل فٹنس فارم کی ڈاکٹر سے تصدیق کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert