پاکستانی اداکارہ نیلم منیر کے ہاں بیٹے کی پیدائش، سوشل میڈیا پر مبارکبادوں کا سلسلہ شروع
شوہر محمد راشد کے قریبی دوست نے ٹک ٹاک پر بیٹے کی پیدائش کی خبر شیئر کردی، اداکارہ کی جانب سے تاحال باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نیلم منیر کے ہاں بیٹے کی پیدائش کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کے شوہر محمد راشد کے ایک قریبی دوست نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے جوڑے کو بیٹے کی پیدائش پر مبارکباد دی اور نومولود کے لیے صحت، خوشی اور خوشحال زندگی کی دعا کی۔
تاہم نیلم منیر کی جانب سے تاحال بیٹے کی پیدائش کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا اور نہ ہی انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اس خبر کی تصدیق کی ہے۔
واضح رہے کہ نیلم منیر نے جنوری 2025 میں دبئی میں محمد راشد سے شادی کی تھی۔ ان کی شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا تھا، جبکہ اداکارہ کی نجی زندگی بھی اکثر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز رہتی ہے۔
اب بیٹے کی پیدائش کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد مداح نیلم منیر کی جانب سے باضابطہ اعلان کے منتظر ہیں۔
