پنجاب کے تمام 9 ڈویژنز میں ہونہار اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریبات اکتوبر، نومبر میں ہوں گی

وزیراعلیٰ مریم نواز 15 اکتوبر کو یونیورسٹی آف ساہیوال میں ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن کے طلبہ میں اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ تقسیم کریں گی، وزیر تعلیم رانا سکندر حیات


لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام 9 ڈویژنز میں ہونہار اسکالرشپ پروگرام اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریبات اکتوبر اور نومبر میں منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز 15 اکتوبر کو یونیورسٹی آف ساہیوال میں منعقدہ تقریب کے دوران ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن کے طلبہ میں اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ تقسیم کریں گی۔
وزیر تعلیم نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران صوبے کے دیگر ڈویژنز میں بھی اسی نوعیت کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
یہ اقدام پنجاب حکومت کی جانب سے طلبہ کو مالی معاونت فراہم کرنے اور جدید ٹیکنالوجی تک ان کی رسائی بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے، تاکہ طلبہ کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کے مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
تاہم وزیر تعلیم نے فی الحال یہ تفصیلات جاری نہیں کیں کہ ہر تقریب میں کتنے طلبہ کو اسکالرشپس دی جائیں گی اور کتنے لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔
اسکالرشپ پروگرام کے لیے درخواست دینے کے خواہش مند طلبہ مزید معلومات اور درخواست کے لیے وزیراعظم یوتھ پروگرام کی ویب سائٹ https://pmyp.gov.pk/ وزٹ کر سکتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert