اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب، خیبرپختونخواہ میں گورنر راج یا ایمرجنسی سے متعلق فیصلوں کا امکان

اگر اجلاس میں ایمرجنسی لگانے یا گورنر راج کا فیصلہ ہوتا ہے تو وزیراعظم فوری طور پر وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر کے آئینی منظوری حاصل کریں گے؛ میڈیا رپورٹس


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخواہ کی امن و امان اور سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایک اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس طلب کرلیا ہے، جس میں صوبے میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق حتمی فیصلوں کا قوی امکان ہے۔
بحوالہ ذرائع میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اہم ترین اجلاس وزیراعظم کی زیرِ صدارت وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوگا، جس میں اہم وفاقی وزراء، قومی سلامتی کے اداروں کے سربراہان اور وزارتِ داخلہ کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے، اجلاس میں وزارتِ داخلہ اور سلامتی اداروں کے حکام صوبے میں امن و امان، عوام کی حفاظت اور درپیش درپیش سکیورٹی چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیں گے جبکہ سلامتی اداروں کی رپورٹس کا بھی بغور جائزہ لیا جائے گا۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 232 سے 234 کے تحت مختلف آئینی آپشنز پر غور کیا جائے گا، سابق فاٹا کے ضم شدہ اضلاع سمیت صوبے کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی کے نفاذ یا صوبے کے اہم اختیارات وفاقی حکومت کے سپرد کرنے کی تجاویز پر مشاورت کی جائے گی، اگر اجلاس میں ایمرجنسی لگانے یا گورنر راج کا فیصلہ ہوتا ہے تو وزیراعظم فوری طور پر وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر کے آئینی منظوری حاصل کریں گے۔

WhatsApp
Get Alert